سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب اختر نے اپنی زندگی پر مبنی فلم ’راولپنڈی ایکسپریس‘ سے متعلق اہم اعلان کردیا۔
فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شعیب اختر نے ایک نوٹ تحریر کیا جس میں انہوں نے کہا ’’میں بہت دکھ کے ساتھ یہ خبر دینا چاہتا ہوں کہ مہینوں کی سوچ و بچار کے بعد میں نے اپنی انتظامی اور قانونی ٹیم کی مدد سے خود کو فلم ’راولپنڈی ایکسپریس‘ اور اس کے فلم سازوں سے علیحدہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔‘‘
انہوں نے یہ بھی لکھا کہ ’’بلاشبہ یہ پروجیکٹ ایک خواب ہے اور میں نے اس کے ساتھ جڑے رہنے کی کوشش کی، لیکن بدقسمتی کے ساتھ چیزیں اچھی نہیں جارہی تھیں۔‘‘
شعیب اختر نے تحریر کیا کہ ’’خوشگوار ماحول میں اختلافات کے حل میں ناکامی اور معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کا نتیجہ ہمارا ان کے ساتھ رابطے کے اختتام کی صورت میں سامنے آیا۔‘‘
سابق ٹیسٹ کرکٹر نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے تحریر کیا کہ ’’لہٰذا میں نے اپنی زندگی کی کہانی پر مبنی فلم کے حقوق کو ختم کرنے کے لیے تمام قانونی طریقوں کی تعمیل کرتے ہوئے یہ پروجیکٹ چھوڑ دیا ہے۔‘‘
آخر میں انہوں نے یہ بھی لکھا کہ ’اگر فلم ساز اس بائیو گرافی پر کام جاری رکھتے ہیں اور کسی بھی طرح میرا نام یا میری کہانی کو فلم میں استعمال کرتے ہیں تو ان کیخلاف سخت قانونی ایکشن لیا جائے گا۔‘‘