• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے مزید 43 ارکان کے استعفے منظور کر لیے گئے۔

ذرائع کے مطابق استعفے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے چند دن قبل منظوری کے لیے الیکشن کمیشن کو بھجوائے تھے۔

اسپیکر آفس کے ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے مزید 43 ارکان کے استعفے منظور کر لیے گئے ہیں، اسپیکر نے استعفوں کی منظوری کی سمری الیکشن کمیشن کو بھجوا دی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے 43 ارکان کے استعفوں کی منظوری کی سمری الیکشن کمیشن کو موصول ہو گئی ہے۔

قومی اسمبلی میں تحریکِ انصاف کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والے اب صرف منحرف ارکان ہی باقی بچے ہیں۔

سردار طالب نکئی اور نواز الہٰی کے استعفے منظور نہیں ہوئے

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے سردار طالب نکئی اور نواز الہٰی کے استعفے منظور نہیں ہوئے، 2 ارکان نے چھٹی کی درخواست دے رکھی تھی اور اسمبلی میں پڑھی جا چکی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر نے 22 جنوری کو 43 مزید استعفے اپریل 2022 سے منظور کیے ہیں۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ 43 ارکان کو ڈی نوٹیفائی کرنے کے لیے الیکشن کمیشن کو مراسلہ بھی 22 جنوری کو بھیجا گیا تھا۔

ذرائع قومی اسمبلی کے مطابق 23 جنوری کو ای میل اور واٹس ایپ درخواستیں خلاف ضابطہ تھیں، استعفے 22 جنوری کو منظور کیے گئے اس لیے 23 جنوری کو واپسی کی درخواستیں غیر مؤثر تھیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 22 جنوری کو اسد قیصر، فواد چوہدری نے میڈیا ٹاک میں باقی اراکین کے استعفے منظور کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی کے اراکینِ قومی اسمبلی نے الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کرائی تھی۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ ہم 45 اراکینِ قومی اسمبلی اپنے استعفے واپس لے رہے ہیں، اسپیکر اور قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کو استعفے واپس لینے کا بتا دیا ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ اسپیکر اگر استعفے منظور کرتے ہیں تو ہمیں ڈی نوٹیفائی نہ کیا جائے۔

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے اراکینِ قومی اسمبلی نے اسی سلسلے میں الیکشن کمیشن آف پاکستان اور اسپیکر ہاؤس کے باہر دھرنا بھی دیا تھا۔

دوسری جانب گزشتہ روز پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے اراکین کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس کے دروازے بند کر دیے گئے تھے اور انہیں پارلیمنٹ میں داخل ہونے سے روک دیا گیا تھا۔

اب تک کتنے ارکان کے استعفے منظور ہوئے؟

یاد رہے کہ 17 جنوری کو بھی اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے سابق وزیرِ داخلہ شیخ رشید اور پاکستان تحریکِ انصاف کے 34 اراکینِ قومی اسمبلی کے استعفے منظور کیے تھے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے جولائی 2022ء میں بھی پی ٹی آئی کے 11 اراکینِ قومی اسمبلی کے استعفے منظور کیے تھے، جن میں سے کراچی سے رکنِ قومی اسمبلی شکور شاد نے عدالت میں درخواست دائر کر کے اپنے استعفے کی درخواست واپس لے لی تھی۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے 20 جنوری کو پی ٹی آئی کے مزید 35 ارکان کے استعفے منظور کیے تھے۔

اب مزید 43 استعفوں کی منظوری کے بعد مجموعی طور پاکستان تحریکِ انصاف کے 122 اور شیخ رشید کا ایک استعفیٰ ملا کر 123 اراکین کے استعفے منظور ہو چکے ہیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے اب تک پی ٹی آئی کے 81 ارکان کو ڈی نوٹیفائی کیا جا چکا ہے۔

قومی خبریں سے مزید