اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے خاتون جج زیبا چوہدری کو دھمکی دینے کے کیس میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی استثنیٰ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں عمران خان کی جانب سے خاتون جج زیبا چوہدری کو دھمکی دینے کے کیس کی سماعت ہوئی۔
کیس کی سماعت سینئر سول جج رانا مجاہد رحیم نے کی، جس میں اسپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی عدالت میں پیش ہوئے۔
پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان آج بھی عدالت کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔
اسپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی نے عدالت سے درخواست کی کہ عمران خان کی عدم پیشی پر ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری کیے جائیں۔
عمران خان کے وکیل نعیم حیدر کی جانب سے طبی بنیادوں پر استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی ہے۔
عدالت نے وکیل نعیم حیدر سے استفسار کیا کہ آپ کا وکالت نامہ اس کیس میں کیوں نہیں ہے؟
وکیل نعیم حیدر نے جواب دیا کہ ہمیں نوٹس کا کل رات کو پتہ چلا ہے۔