سابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے اپنی نئی کتاب میں انکشاف کیا ہے کہ دنیا نہیں جانتی کہ پاکستان اور بھارت 2019 میں جوہری جنگ کے قریب آگئے تھے، امریکی مداخلت نے پاک بھارت کشیدگی ختم کی۔
مائیک پومپیو نے اپنی نئی کتاب ’نیوَر گِو این اینچ‘ میں لکھا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں 41 بھارتی اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد بھارت نے فضائی حملے کیے، جواباً پاکستان نے بھارت کا جنگی جہاز مار گرایا اور پائلٹ کو پکڑا۔
انہوں نے اپنی کتاب میں لکھا ہے کہ ایک سینئر بھارتی اہلکار کی فوری فون کال پر میں نیند سے جاگا، اس وقت میں کانفرنس کے سلسلے میں ہنوئی میں تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی اہلکار کا خیال تھا کہ پاکستان نے جوہری حملے کی تیاری شروع کی ہے، اس لیے بھارت پیش قدمی پر غور کررہا ہے۔
مائیک پومپیو کے مطابق انہوں نے بھارتی اہلکار کو کہا کہ آپ کچھ نہ کریں، ہمیں چیزوں کو سلجھانے کے لیے وقت دیں۔
سابق امریکی وزیر خارجہ نے اپنی کتاب میں لکھا کہ امریکی سفارتکاروں نے پاکستان اور بھارت دونوں کو قائل کیا کہ جوہری جنگ کی طرف نہ جائیں۔
مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ اُس رات ایک ہولناک نتیجے سے بچنے کے لیے جو امریکا نے کیا وہ کوئی نہیں کرسکتا تھا۔