• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان مناظرے کا چیلنج قبول نہیں کرینگے، تجزیہ کار

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان مبشر ہاشمی کے پہلے سوال کیا عمران خان اسحاق ڈار کے مناظرے کا چیلنج قبول کریں گے؟ کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کاروں نے کہا کہ عمران خان اسحاق ڈار کے مناظرے کا چیلنج قبول نہیں کریں گے، اسحاق ڈار کو عمران خا ن سے نہیں مفتاح اسماعیل سے مناظرہ کرنا چاہئے۔مظہر عباس نے کہا کہ عمران خان کیوں اسحاق ڈار کے مناظرے کا چیلنج قبول کریں، اسحاق ڈار کو مناظرے کا چیلنج عمران خان کو نہیں مفتاح اسماعیل کو دینا چاہئے، اسحاق ڈار کو بتانا چاہئے تھا مفتاح اسماعیل کا ہٹایا جانا درست تھا یا نہیں تھا، اسحاق ڈار لائے گئے تو عمران خان پر نہیں مفتاح اسماعیل پر تنقید کرتے تھے، اسحاق ڈار کو وزیرخزانہ بنائے گئے تو ڈالر 200روپے پرلانے کا وعدہ کیا تھا مگر آج ڈالر 266روپے کا ہے، اسحاق ڈار کو عمران خان کو مناظرے کا چیلنج دینے کے بجائے اپنے دعوؤں کی ناکامی پر بات کرنا چاہئے تھی۔ حفیظ اللہ نیازی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنی حکومت کے جو اعداد و شمار بیان کیے تھے اسحاق ڈار نے کل خطاب اس کے جواب میں کیا تھا، مفتاح اسماعیل نے بہت نامساعد حالا ت میں معیشت کیلئے جنگ لڑی، اسحاق ڈار نے عمران خان کو بہترین جواب دیا ہے، عمران خان اسحاق ڈار کے مناظرے کا چیلنج قبول نہیں کریں گے۔ارشاد بھٹی نے کہا کہ ن لیگ والے قوم کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگاتے ہیں کہ چلتا پاکستان عمران خان کے حوالے کیا تھا، انہیں بتانا ہے جمہوریت آنے سے پہلے ملک میں چھ ہزار ارب جو آج پچاس ہزار ارب ڈالرز پر پہنچ گیا تھا۔

اہم خبریں سے مزید