تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ اپنی سیاست چمکانے کیلئے حریف سیاست دانوں پر بے بنیاد اور من گھڑت الزامات کی بھرمار کرتے رہتے ہیںبے شک ان کی اس حرکت سے کسی کی جان ہی کیوں نہ چلی جائے یہ خطرناک ترین طرز عمل ہے جس کا عدالت عظمی کو بلاتاخیر نوٹس لینا چاہئے کہ جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے ۔کسی بھی شخص کو محض سیاسی مفادات حاصل کرنے کیلئے دوسروں کی زندگیاں خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عمران خان کے حالیہ بیان کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے کسی دہشت گرد گروہ کو ان کی سپاری دے رکھی ہے،کو بھٹو زرداری خاندان کی زندگیاں خطرے میں ڈالنے کی گھناؤنی کوشش قرار دیا ہے۔یاد رہے کہ پیپلز پارٹی کی قائد محترمہ بے نظیر بھٹو دہشت گردی کی واردات میں شہید ہوگئی تھیں اور لگتا ہے کہ عمران خان ایسا ہی کچھ بلاول اور زرداری کیساتھ ہوتا دیکھنے کے متمنی ہیں جس کی کسی مہذب معاشرے میں کوئی گنجائش نہیں۔پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے بجا طور پر عمران خان کے اس بیان کی مذمت کی ہے اور معاملہ اعلیٰ عدالتی فورم پر لے جانے کا عندیہ دیا ہے تاکہ غیر جانبدارانہ تحقیقات ہوں اور ساری حقیقت کھل کرسامنے آجائے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے عمران نیازی کے الزامات کو بے بنیاد ، خطرناک اور غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے انہیں سیاسی مخالفین کے خلاف زہر پھیلانے کی سازشی تھیوری کا شاخسانہ قرا دیا ہے۔ بلاشبہ عمران خان کے بیانات سے زرداری خاندان کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہوچکے ہیں ۔ایک سابق وزیر اعظم کی طرف سے سیاسی مقاصد کے حصول کے لئے اس طرح کے بیانات نہایت ہی خوفناک بات ہے جس سے اجتناب کیا جانا چاہئے!
اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998