پیرس ( جنگ نیوز) یورو 2016 میں دفاعی چیمپئن اسپین اورعالمی چیمپئن جرمنی نے آسان فتوحات کے ساتھ آغاز کرکے عزائم ظاہر کردیے۔ گروپ ڈی کے میچ میں اسپین نے چیک ریپبلک کو ایک گول سے شکست دی ۔ اسپین کی طرف سے جیرارڈ پک نے 87ویں منٹ میں آنئیسٹا کے پاس پر ہیڈر کے ذریعے واحد گول کر کے اسپین کو اپنے پہلے گروپ میچ میں کامیابی دلائی۔ اسٹار ہسپانوی مڈفیلڈر فیبریگاس نے شاندار کارکردگی پیش کرتے ہوئے ساتھیوں کیلیے گول کے کئی مواقع پیدا کیے۔ راموس اور موراٹا کو دو سے زائد مواقع ملے تاہم دونوں کھلاڑی اس کا فائدہ نہ اٹھا سکے۔ 28ویں منٹ میں آنئیسٹا کے پاس پر موراٹا نے قدرے ہلکی کک ماری اور گیند گول کیپر کے ہاتھ سے ہوتی ہوئی بائیں جانب سے گول پوسٹ پار کر گئی۔ 45 ویں منٹ میں چیک اسٹرائیکر تھامس نیسڈ نے 20 گز کی دوری سے ہسپانوی گول پر حملہ کیا جو ناکام رہا ۔ پہلے ہاف کے اختتام پر دونوں ٹیمیں کوئی گول نہ کرسکیں۔ دوسرے ہاف کے ابتدائی دو منٹوں میں اسپین نے دو حملے کیے اور تین کارنر حاصل کیے تاہم کامیابی نہ ہوسکی۔ چیک کھلاڑیوں نے گیند کو اپنے قبضے میں رکھنے کی کوشش ضرور کی لیکن اسپین کے کھلاڑی روایتی ’’ٹیکی ٹاکا‘‘ یعنی چھوٹے چھوٹے اور تیزی سے پاس کرنے کے انداز میں کھیلتے رہے۔ تاہم 87 ویں منٹ میں جب آنئیسٹا کے پاس پر جیرارڈ پک نے گیند گول کی طرف پھینکی تو جال سے ٹکرا کر ہی رکی۔ قبل ازیں گروپ سی کے ہی دوسرے میچ میں جرمنی نے یوکرین کو دو گول سے شکست دی ہے۔ فاتح ٹیم نے کھیل کے دوران مکمل برتری کا مظاہرہ کیا ۔ پہلا گول 19ویں منٹ میں شکودران مصطفیٰ نے ہیڈر کے ذریعے کیا جبکہ انجری ٹائم میں شوائنس ٹائیگر نے جرمنی کی جانب سے دوسرا گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح یقینی بنا دی۔ ادھر نیس میں شمالی آئرلینڈ اور پولینڈ کے درمیان میچ فرانس کے شہر نیس میں واقع فٹبال اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ میچ کے آغاز سے ہی پولینڈ نے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن شمالی آئرلینڈ کے بہترین دفاع کی وجہ سے پولینڈ کی ٹیم گول کرنے میں کامیابی نہیں ہو سکی۔ پہلا ہاف کسی گول کے بغیر ختم ہوگیا۔ تاہم وقفے کے بعد 51ویں منٹ میں آرکدیوس نے گول کر کے پولینڈ کو برتری دلوائی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔ یہ پہلا موقع ہے کہ پولینڈ نے یورو مقابلوں میں اپنا پہلا میچ جیتا ہے۔