پاکستانی کرکٹرز نے بھی پشاور دھماکے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی مذمت کی ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے سوشل میڈیا پر لکھا ہے کہ اللّٰہ پاک ہمارے پیارے ملک پر رحم فرمائے۔
بابر اعظم نے لواحقین کے اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے سوشل میڈیا پر پشاور دھماکے سے متعلق لکھا ہے کہ ہم بہادر قوم ہیں، نہ ہی یہ سانحے ہمارے حوصلے توڑ سکتے ہیں اور نہ ہماری مساجد خالی کر سکتے ہیں ان شاء اللّٰہ۔
انہوں نے لکھا ہے کہ بس دل میں یہی سوال آتا ہے کہ اس کا شکوہ ہم کس سے کریں؟
محمد رضوان نے یہ بھی لکھا ہے کہ اللّٰہ پاک پاکستان کی حفاظت فرمائیں اور محبت و عافیت کی ہوا چلا دیں، آمین۔
شاداب خان نے بھی پشاور دھماکے سے متعلق سوشل میڈیا پر اپنے جذبات کا اظہار کیا ہے۔
شاداب خان نے لکھا ہے کہ یہ دل دہلا دینے والا واقعہ ہے، متاثرین کے درد کا تصور بھی نہیں کر سکتا۔
پاکستا ن کرکٹ ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ نے ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ اللّٰہ وہ امن واپس لائے جس کے ہم بحیثیت قوم مستحق ہیں۔
نسیم شاہ نے متاثرین کے اہلِ خانہ کے لیے تعزیتی پیغام بھی لکھا ہے۔
شاہین شاہ آفریدی نے بھی سوشل میڈیا پر پشاور دھماکے کے حوالے سے پیغام جاری کیا ہے۔
شاہین آفریدی نے لکھا ہے کہ اپنے ملک کے لوگوں کو تکلیف میں دیکھ کر میرا دل روتا ہے، یہ رُکنا چاہیے۔
انہوں نے شہداء کے لواحقین اور زخمیوں سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے ان کے لیے دعا بھی کی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ہونے والے دھماکے میں شہداء کی تعداد 88 ہو گئی ہے جبکہ کئی زخمی اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔