• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: سڑک پر پڑے گڑھے نے مردہ خاتون کو زندہ کردیا

---تصویر بشکریہ بھارتی میڈیا
---تصویر بشکریہ بھارتی میڈیا

بھارت کی ریاست اتر پردیش میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا جہاں ڈاکٹروں کی جانب سے تقریباً دماغی طور پر مردہ قرار دی گئی خاتون ایمبولینس کے ایک شدید جھٹکے کے بعد دوبارہ سانس لینے لگی اور بعد ازاں صحت یاب بھی ہوگئی۔

رپورٹس کے مطابق 50 سالہ ونیتا شکلا جو ضلع پیلی بھیت کی رہائشی ہیں، شدید طبی حالت کے باعث بریلی کے اسپتال میں زیر علاج تھیں، ڈاکٹروں نے بتایا تھا کہ ان کے دماغی ردعمل تقریباً ختم ہو چکے ہیں اور صحت یابی کی امید نہ ہونے کے برابر ہے۔

اہلِ خانہ کے مطابق جب انہیں اسپتال سے گھر منتقل کیا جا رہا تھا تو ایمبولینس بریلی ہریدوار نیشنل ہائی وے پر ایک بڑے گڑھے سے ٹکرا گئی، جس سے گاڑی کو شدید جھٹکا لگا، اسی لمحے خاتون نے اچانک سانس لینا شروع کر دی۔

خاتون کے شوہر کلدیپ شکلا نے بتایا کہ وہ گھر والوں کو آخری رسومات کی تیاری کا کہہ چکے تھے کیونکہ ان کی بیوی سانس نہیں لے رہی تھی اور دل کی دھڑکن بھی بہت کم رہ گئی تھی۔

ان کے مطابق ایمبولینس کے جھٹکے کے بعد جب ونیتا نے دوبارہ سانس لینا شروع کیا تو انہوں نے فوری طور پر آخری رسومات کی تمام تیاریاں رکوا دیں اور انہیں فوری طور پر نیورو سٹی اسپتال منتقل کیا۔

اسپتال میں نیورو سرجن ڈاکٹر راکیش سنگھ نے بتایا کہ ابتدائی معائنے میں مریضہ کی حالت انتہائی تشویشناک تھی، ان کا گلاسگو کوما اسکیل اسکور 15 میں سے صرف 3 تھا، جو مکمل بے ہوشی کی حالت کو ظاہر کرتا ہے۔

ڈاکٹروں کے مطابق خون اور جسمانی نظام میں موجود زہریلے نیوروٹاکسنز کی تشخیص کے بعد فوری علاج شروع کیا گیا، جس کے نتیجے میں مریضہ کی حالت بتدریج بہتر ہوتی گئی۔

اہلِ خانہ کے مطابق اب ونیتا شکلا مکمل ہوش میں ہیں اور اپنے گھر واپس آ چکی ہیں۔

 ان کے شوہر کا کہنا ہے کہ یہ ان کی زندگی کا سب سے بڑا معجزہ ہے کیونکہ وہ موت کے دہانے سے واپس آ گئی ہیں۔

دلچسپ و عجیب سے مزید