پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پنجاب کے سینئر رہنما عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ حکومت اداروں کی کارکردگی بہتر کرنے پر زور دے۔
زمان پارک لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ دہشت گرد پشاور جیسے واقعات کے ذریعے دہشت پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ کل سارا دن پی ٹی آئی کے خلاف ہرزہ سرائی کرتے رہے۔
عمر سرفراز چیمہ نے مزید کہا کہ انہوں نے بیانیہ بنانے کی کوشش کی کہ الیکشن التوا کا شکار ہوسکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 90 روز میں الیکشن نہیں کرائیں گے تو آئین شکنی ہوگی، صاف شفاف الیکشن ہی موجودہ مسائل کا حل ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی کہا کہ 9 ماہ میں چوروں، ڈاکوؤں کو ریلیف ملا ہے، ان کے پاس سیاسی و معاشی عدم استحکام ختم کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری کے خلاف جھوٹے مقدمات بنائے گئے ہیں۔