پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما فرخ حبیب نے کہا ہے کہ عدالت ویڈیو لنک کے ذریعے عمران خان کا بیان لے۔
زمان پارک لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں فرخ حبیب نے کہا کہ عمران خان کی رپورٹس عدالت میں پیش کی ہیں، پی ٹی آئی چیئرمین نے اگر سفر کیا تو ہڈی فریکچر ہونے کا خدشہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں نے عمران خان کو سفر کرنے سے منع کیا ہوا ہے، معزز عدالت ویڈیو لنک کے ذریعے بیان لے۔
پی ٹی آئی رہنما نےسوال کیا کہ عمران خان کو سیکیورٹی کون فراہم کرے گا؟ پی ٹی آئی چیئرمین پہلے ہی سیکیورٹی خدشات کا اظہار کرچکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان قوم کو بتا چکے کہ آصف علی زرداری نے افغانستان کی ایک تنظیم کو پیسے دیے ہیں۔
فرخ حبیب نے مزید کہا کہ عمران خان کی نااہلی اور گرفتاری کی باتیں ہو رہی ہیں، الیکشن کمیشن سے متعلق معاملہ ہو تو پتہ ہوتا ہے خلاف ہی آنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمان میں ق لیگ کی اکثریت پرویز الہٰی کے ساتھ ہے، پرویز الہٰی پی ٹی آئی میں آناچاہیں تو دروازے کھلے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی کہا کہ الیکشن کمیشن اس وقت سلیکشن کمیشن بنا ہوا ہے، ان سے پی ٹی آئی اور ہمارے اتحادیوں کےلیے کوئی ریلیف کی توقع نہیں۔