• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

IMF نے بنگلہ دیش کیلئے 4.7 ارب ڈالر کا قرضہ پیکیج منظور کرلیا

ڈھاکا(اے ایف پی، جنگ نیوز)عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف نے بنگلہ دیش کیلئے 4.7ارب ڈالر کا معاونتی قرضہ پیکیج منظور کرلیا ہے ، یہ پیکیج بنگلہ دیش کو توانائی اور اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے میں مدد فراہم کرے گا جس سے ملک میں بڑے پیمانے پر عوامی مظاہروں نے جنم لیا ہے۔ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے بنگلہ دیش کو موسمیاتی سرمایہ کاری کے لئے اس کی نئی تشکیل کردہ لچک اور پائیداری کی سہولت کے تحت بھی 1.4 ارب ڈالر دینے کا اعلان کیا ہے اور ایشیا میں بنگلہ دیش وہ پہلا ملک ہے جس نے یہ رقم حاصل کی ہے۔آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ ان قرضوں سے میکرو اکنامک استحکام کا تحفظ ہوگا اور بفرز کو دوبارہ تعمیر کریں گے جبکہ حکام کے اصلاحاتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں مدد کریں گے۔آئی ایم ایف کے ڈپٹی مینیجنگ ڈائریکٹر انتونیتی ایم سایہ نے کہا کہ آزادی کے بعد بنگلہ دیش نے غربت کم کرنے اور معیار زندگی میں تیزی سے ترقی کی ہے، تاہم عالمی وبا کورونا وائرس اور روس کی یوکرین میں جنگ نے بنگلہ دیش کی تیزی سے ترقی کرتی معیشت میں خلل پیدا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ متعدد مسائل نے بنگلہ دیش میں میکرو اکنامک کے لئےچیلنج پیدا کردیا ہے۔روس کی جانب سے یوکرین پر حملے کے بعد سے بنگلہ دیش اور جنوبی ایشیا کے دیگر ممالک جن کا انحصار درآمد کردہ ایندھن پر ہوتا ہے میں روز مرہ کے استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے ۔ بنگلہ دیش میں گزشتہ برس بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 13گھنٹوں تک جاپہنچا تھا جبکہ حکومت نے غریب شہریوں کیلئے فوڈ ریلیف میں بھی اضافہ کردیا تھا۔

اہم خبریں سے مزید