سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ چوہدری شجاعت کی مدت ختم ہو گئی ہے، اس لیے ان کے چھوٹے بھائی کو صدر بنایا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران ان کا کہنا ہے کہ فیملی کا فیصلہ ہے کہ چوہدری شجاعت نے سیاست کرنی ہے تو کریں، ہم عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
چوہدری پرویز الہٰی نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امن و امان کی صورتِ حال پر توجہ دینا چاہیے، دہشت گردی بڑھ رہی ہے، ملک ڈیفالٹ کرنے جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نگراں سیٹ اپ اور یہ ایک ہیں، ہرطرف مہنگائی کا طوفان ہے، قیمتیں بڑھا کر بیڑہ غرق کردیا گیا ہے، گورنر خیبر پختون خوا نے الیکشن کا وقت دے دیا ہے، اب یہ الیکشن کرائیں۔
سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میں جو دیکھتا اور سمجھتا ہوں وہ کہتا رہتا ہوں، اس کا فائدہ بھی ہوتا ہے، پنجاب میں الیکشن ہو گا، پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ کا فیصلہ تحریکِ انصاف کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اکٹھے رہنا ہے، ہمیں کوئی لالچ نہیں ہے، میں دو تین مرتبہ پنجاب کا وزیرِ اعلیٰ رہا ہوں، مریم نواز کا ایئر پورٹ پر شو فلاپ تھا، یہ بندے اکٹھے نہیں کر سکے۔
چوہدری پرویز الہٰی کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان کے امیدواروں کی ضمانتیں ضبط ہوں گی، الیکشن صاف شفاف ہو گا، دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے گا۔