• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میانوالی میں دہشتگردوں کا حملہ ناکام ، وزیرِ اعظم کی پنجاب پولیس کو شاباش

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

وزیرِ اعظم میاں محمد شہباز شریف نے میانوالی میں دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر پنجاب پولیس کو شاباش دی ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کی جانب سے بہادری کا مظاہرہ کرنے والے جوانوں کو انعام اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

جاری کیے گئے بیان میں ان کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کو مار بھگانے والے پولیس کے جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پولیس دہشت گردی اور جرائم کے خاتمے میں ہمارا قابلِ فخر ہر اول دستہ ہے، دہشت گردوں کے خلاف پوری قوم اور ادارے متحد اور ایک آواز ہیں۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے میں پنجاب پولیس اور سی ٹی ڈی کے کردار پر فخر ہے، پولیس اور سی ٹی ڈی کو مزید مضبوط اور جدید ہتھیاروں سے لیس کریں گے۔

وزیرِ اعظم میاں محمد شہباز شریف کا اپنے بیان میں یہ بھی کہنا ہے کہ پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی بہادر فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔

تھانہ مکڑوال پر دہشتگردوں کا حملہ

واضح رہے کہ میانوالی کے تھانہ مکڑوال پر 15 سے 20 دہشت گردوں نے حملہ کر دیا تھا جنہوں نے جدید اسلحے کا استعمال بھی کیا۔

پولیس کی جوابی فائرنگ سے کچھ دہشت گرد زخمی بھی ہوئے، اس موقع پر حملہ آور دہشت گرد اپنے زخمی ساتھیوں کو لے کر فرار ہو گئے۔

ڈی پی او میانوالی کے مطابق تمام پولیس اہلکار حملے میں محفوظ رہے، پولیس نے تمام علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن جاری رکھا ہوا ہے۔

قومی خبریں سے مزید