ڈی پی او میانوالی محمد نوید کا کہنا ہے کہ تھانہ مکڑوال پر حملے میں 15 سے20 دہشت گرد شامل تھے جنہوں نے جدید اسلحے کا استعمال کیا۔
محمد نوید نے بتایا کہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے کچھ دہشتگرد زخمی بھی ہوئے، اس موقع پر حملہ آور دہشت گرد اپنے زخمی ساتھیوں کو لے کر فرار ہوگئے۔
ڈی پی او میانوالی کے مطابق تمام پولیس اہلکار حملے میں محفوظ رہے، پولیس نے تمام علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن جاری رکھا ہوا ہے۔
دوسری جانب میانوالی میں پولیس اسٹیشن پر حملے کے بعد ملتان میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔
ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ حساس اور عوامی مقامات پر سیکیورٹی مزید سخت کرکے شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر چیکنگ کی جارہی ہے۔
سرگودھا میں بھی میانوالی میں تھانے پر حملے کے بعد ضلع بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔
پولیس کی جانب سے شہر کے دا خلی خارجی راستوں کی سیکیورٹی سخت کی گئی ہے۔