شیخوپورہ(نمائندہ جنگ)شہر اور اس کے نواحی علاقوں میں ڈکیتی چوری کی وارداتیں جاری ہیں، افطاری کے وقت دو ڈاکو لاہور روڈ پر سیم نالہ چوک کے قریب نواز لیگ کے رہنما ذیشان ارشد بٹ کی ٹائرز شاپ پر آئے اور گن پوائنٹ پر اس سے ڈیڑھ لاکھ روپے چھین کر فرار ہوگئے،مریدکے روڈ پر سیکھم کے نزدیک دو ڈاکو ریسکیو 1122کے دو اہلکاروں سے 17ہزار روپے اور تین موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے، فیض پور انٹر چینج کے قریب تین ڈاکوؤں نے ایک موٹر سائیکل کو روک کر اس پر سوار مقامی شہری اظہر ہاشمی اور اس کی والدہ لطیف بی بی سے لاکھوں روپے مالیت کے زیورات اور 45ہزار روپے کیش چھین لیا، ریگل چوک میں دو ڈاکو سامان بجلی کے تاجر خادم حسین سے 75ہزار روپے چھین کر فرار ہوگئے، صدر فاروق آباد کے علاقہ پرانی مکی روڈ پر دو ڈاکوؤں نے ناکہ لگا کر محمد عباس وغیرہ متعدد راہگیروں کو نقدی، موبائل فون اور دیگر اشیاء سے محروم کردیا، تھانہ صدر کے علاقہ پلی مدار والی پر دو مسلح ڈاکوؤں نے محمد فاروق سے 15ہزار روپے نقدی، تین موبائل فون اور نئی موٹر سائیکل چھین کر فرار ہوگئے، تھانہ سٹی فاروق آباد کے علاقہ پرانا نوکھر کے رہائشی رؤف احمد کے گھر کے تالے کاٹ کر چور نقدی اور قیمتی سامان لے اڑے، تھانہ سٹی اے ڈویژن کے علاقہ گھنگ روڈ گلی نمبر 13کے شمالی کے رہائشی محمد عمران کی موٹر سائیکل اس کے گھر کے باہر سے لیکر چوری ہوگئی، تھانہ صفدر آباد کے علاقہ کڑکن روڈ پر دو ڈاکوؤں نے نوجوان طارق سے 8ہزار روپے نقدی، موبائل فونز چھین کر فرار ہوگئے،کوٹ عبدالمالک کے قریب کار سوار بلاول بٹ سے دو مسلح ڈاکوؤں نے اس کی کار روک کر دو موبائل فون ، 70ہزار روپے نقدی اورقیمتی طلائی انگوٹھی چھین لی، اسی علاقہ میں نامعلوم چور عبداللہ راجہ کی موٹر سائیکل لے اڑے، تھانہ بی ڈویژن کے علاقہ واپڈ پلازہ سے بھی ایک شہری سعادت حسین کی موٹر سائیکل لیکر فرار ہوگئے، تھانہ سٹی اے ڈویژن کے علاقہ جناح پارک کے ایک تجارتی مرکز کے باہر سے نامعلوم چور علی رضا کی موٹر سائیکل چوری کرکے فرار ہوگئے ۔