• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افتخار کے چھ چھکوں کے بعد وہاب ریاض کو وزارت چھوڑنے کا مشورہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کوئٹہ کے نمائشی میچ میں افتخار احمد نے فاسٹ بولر وہاب ریاض کے آخری اوور میں چھ گیندوں پر چھ چھکے مارے اور سوشل میڈیا پرکرکٹ شائقین نے انھیں اس وزرات سے ہی مستعفی ہونے کا مشورہ دے ڈالا جس کا ابھی تک انہوں نے حلف نہیں اٹھایا ہے ۔ سوشل میڈیا پر میمز کی بھرمار ہوگئی۔ سوشل میڈیا پر پیغام میں وہاب ریاض نے افتخار احمد کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بیٹنگ انتہائی شاندار ہے ۔ افتخار احمد نے ناقابل یقین شاٹس کھیلے اور اپنی مہارت دکھاتے ہوئے انتہائی حیرت انگیز بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ میں تھوڑا مایوس ہوا، مگر آپ کی بیٹنگ دیکھ کر بہت خوش ہوں۔ ایسا ہی کھیلتے رہیں۔ یہ کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار نہیں کہ کسی بیٹسمین نے ایک اوور میں چھ چھکے لگائے ہوں مگر افتخار احمد پہلے پاکستانی بیٹسمین ہیں جنھوں نے یہ کارنامہ سرانجام دیا ہے اگرچہ یہ ایک نمائشی میچ تھا۔ تاہم افتخار احمد یقینا بہترین فارم میں ہیں۔ حال ہی میں انھوں نے بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں اپنی پہلی ٹی ٹؤئنٹی سنچری سکور کی تھی۔ 2007 کے ورلڈ کپ کے دوران جنوبی افریقا کے ہرشل گبز نے ہالینڈ کے دان وین بنگے کے اوور میں چھ چھکے لگائے۔ اسی برس یعنی 2007 کے ورلڈ کپ میں ہی انگلینڈ کے خلاف بھارتی بیٹسمین یووراج سنگھ بھی اس کلب کا حصہ بنے۔ بدقسمت بولر اسٹیورٹ براڈ تھے۔ روز وائٹلے، افغانستان کے حضرت اللہ زازئی، لیو کارٹر، کیرون پولارڈ اور تھیساراپریرا بھی اس مختصر فہرست میں شامل ہیں۔

اسپورٹس سے مزید