اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا،کشمیریوں سے بھرپور اظہار یکجہتی ،سرحد کے دونوں اطراف اور دنیا بھر میں بھارت مخالف مظاہرے، احتجاجی جلوس ، ریلیوں اور سیمینارز کا انعقاد ، سرکاری اور نجی سطح پربھی مختلف شہروں میں تقاریب کا انعقاد کیا گیا ، چاروں صوبائی دارالحکومتوں سمیت شہر شہر ریلیوں کا انعقاد کیا گیا،آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کا آج خصوصی اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم شہباز شریف کشمیر اسمبلی سے خطاب کیا، تعلیمی اداروں میں بھی سیمینارز ، مقبوضہ کشمیر کے دارالحکومت سری نگر میں بھی ریلیاں نکالی گئیں، جلسوں اور خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔صبح 9 بج کر 58 منٹ پر سائرن بجتے ہی 2 منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی جبکہ مظفرآباد، کوہالہ پل پر انسانی ہاتھوں کی سب سے بڑی زنجیر بنائی گئی جس میں بچوں اور خواتین سمیت عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں پاکستان اور آزاد کشمیر کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے، کوہالہ پل کی مرکزی تقریب میں چاروں صوبوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دفتر خارجہ کی جانب سے پارلیمنٹ ہاؤس تک کشمیر ریلی نکالی جس میں ترجمان دفتر خارجہ اور مشیر امور کشمیر قمرالزمان کائرہ سمیت حریت رہنماوں اور عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئے۔مشیر امور کشمیر قمر الزمان کائرہ نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کمشیر کی ڈیموگرافی تبدیل کر کے کشمیر میں عالمی سرمایہ کاری کی تمام بھارتی کوششیں ناکام ہوں گی، منصفانہ جدوجہد میں نسل در نسل کشمیری بھائیوں اور بہنوں کیساتھ ہیں۔کراچی میں بھی یوم یکجہتی کشمیر قومی عزم و جذبے کے ساتھ منایا گیا، مختلف تعلیمی اداروں ،سیاسی و مذہبی جماعتوں ، تنظیموں نے یوم یکجہتی کی مناسبت سے ریلیاں ،واک اور تقاریب کا انعقاد کیا جس میں مسئلہ کشمیر کی تاریخ ،بھارتی مظالم ،اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ کشمیر کی آزادی تک کشمیریوں کے ساتھ سیاسی و سفارتی تعاون جاری رکھا جائے گا اور دنیا کے ہرفورم پر بھارتی مظالم کو اجاگر کیں جائے گا۔اتوار کو نکالی جانے والی ریلی کی قیادت وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کی۔ اس موقع پر شرکاء نے بھارتی مظالم اور کشمیری عوام کے حق میں نعرے بھی لگائے۔ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر بلدیہ عظمی کراچی کے زیراہتمام کے ایم سی بلڈنگ میں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر تقریب منعقد ہوئی اور ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن،میونسپل کمشنر کے ایم سی سید شجاعت حسین، بلدیہ عظمی کراچی کے محکمہ جاتی سربراہان، ملازمین سمیت معززین شہر کی کثیر تعداد نے ریلی میں شرکت کی۔