وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کیلئے عطیات جمع کرنے کی ملک گیر مہم چلانے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعظم نے وزیر تعلیم، مذہبی امور، خزانہ اور وزیر تجارت سمیت صوبائی حکومتوں کو مہم میں شرکت کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایوان ہائے صنعت و تجارت اور کاروباری برادری سمیت معاشرے کے تمام طبقات کو مہم میں شامل کیا جائے۔
وزیر تعلیم رانا تنویر حسین کو تعلیمی اداروں میں عطیات جمع کرنے کی مہم شروع کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
وزیر تعلیم آج مختلف تعلیمی اداروں میں طالب علموں کو عطیات دینے کی اپیل کریں گے۔
تعلیمی اداروں میں ترکیہ کے عوام کیلئے خصوصی کیمپ لگائے جائیں گے۔
وزیر مذہبی امور مذہبی طبقات اور علماء کرام سے رابطہ کرکے ترکیہ کے عوام کی مدد کیلئے رائے عامہ ہموار کریں گے۔
وزیراعظم نے تمام طبقات سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ کے مصیبت زدہ بھائیوں اور بہنوں کیلئے دل کھول کر عطیات دیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہمیں عطیات کے ساتھ ترکیہ کے عوام کو یہ پیغام دینا ہے کہ ہم ان کے ساتھ ہیں۔