پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے لاہور ہائیکورٹ کے 90 روز میں الیکشن کروانے سے متعلق فیصلے کی تعریف کردی۔
اپنے بیان میں عمران خان نے کہا کہ قانون کی حکمرانی کے بغیر جمہوریت کا تصور محال ہے، مضبوط، آزاد اور معتبر عدالتی نظام قانون کی حکمرانی یقینی بناتا اور دستور کی حفاظت کرتا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ قوم انتخابات سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو سراہتی ہے، آئین کی بالادستی کیلئے قوم عدلیہ کی پُشت پر کھڑی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو پنجاب میں 90 روز میں انتخابات کروانے کا حکم دیا۔
پنجاب میں الیکشن کی تاریخ کیلئے درخواست پر محفوظ کیا گیا فیصلہ لاہور ہائیکورٹ نے سنایا تھا۔
فیصلے کے مطابق عدالت نے الیکشن کمیشن کو الیکشن کا اعلان کرنے کی ہدایت کی تھی۔