پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 کے سلسلے میں کراچی میں موجود فرنچائزز کے 20 کھلاڑیوں کے وفد نے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ (ایس ایس یو) ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور یونٹ میں برقرار رکھے جانے والے پیشہ ورانہ معیار کو سراہا۔
وفد میں اسلام آباد یونائیٹڈ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے ملکی کھلاڑیوں کے علاوہ غیر ملکی کھلاڑی مارٹن گپٹل، یوہان بوتھا اور بین کٹنگ بھی شامل تھے۔
دورہ کرنے والے دیگر پاکستانی کھلاڑیوں میں عمر گل، سعید اجمل، فہیم اشرف، عمر اکمل، حیدر علی، محمد حارث، دانش عزیز، رومان رئیس اور ابرار احمد شامل تھے۔
ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن ڈاکٹر مقصود احمد نے کھلاڑیوں کو ہیڈکوارٹرز آمد پر خوش آمدید کہا اور ان سے ملاقات کی۔
ڈی آئی جی سیکیورٹی نے کھلاڑیوں کو پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے لیے دی گئی قربانیوں اور اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔
کھلاڑیوں نے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کی انڈور فائرنگ رینج میں شوٹنگ کی عملی مشق بھی کی۔
بعدازاں ٹیم کے نمائندوں نے ڈی آئی جی سیکیورٹی ڈاکٹر مقصود احمد کو اپنی اپنی ٹیم کی جرسی بطور سووینئر پیش کیں۔
ڈی آئی جی سیکیورٹی نے بھی کھلاڑیوں کو اعزازی شیلڈز اور سندھی ٹوپی و اجرک کے تحفے دیے۔