سابق وزیراعظم نواز شریف کے سابق پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد نے کہا ہے کہ میرا نہیں، میرے بھائی کا جنرل باجوہ سے پرانا فیملی تعلق تھا۔
جیو نیوز کے پروگرام ’جرگہ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے فواد حسن فواد نے کہا کہ ہمارے وکلا عدالتوں میں نہیں پہچتے تھے، سب کو معلوم ہے انہیں کیسے روکا جاتا تھا۔
فواد حسن فواد نے کہا کہ میرے ساتھ جو ہونا تھا ہوچکا اس میں عدلیہ کے لیے بھی سبق ہے، میں نے زندگی میں کبھی نہیں سوچا کہ جس فائل کو ریویو کر رہا ہوں اس کے پیچھے کون ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ میں نے پہلی مرتبہ سول سروس میں لوگوں سے ان کے کام سے متعلق پوچھنا شروع کیا۔
فواد حسن فواد نے یہ بھی کہا کہ اعظم خان کا میں نے بطور چیئرمین سی ڈی اے انٹرویو کرایا تھا، میری یہ بھی مجبوری تھی، فائل کہیں سے بھی آتی میرٹ پر دیکھتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ میرا نہیں، میرے بھائی کا جنرل باجوہ سے پرانا فیملی تعلق تھا، میرے پاس ایسی کوئی شہادت نہیں کہ میرے کیسز میں سابق آرمی چیف کا کوئی کردار تھا۔