• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل 8: پشاور زلمی نے دلچسپ مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو 2 رنز سے ہرادیا

فوٹو بشکریہ پشاور زلمی / ٹوئٹر
فوٹو بشکریہ پشاور زلمی / ٹوئٹر

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 کے دوسرے میچ میں پشاور زلمی نے دلچسپ مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو 2 رنز سے شکست دیدی۔ 

نیشنل اسٹیڈیم کرکٹ ایرینا میں کھیلے جانے والے اس میچ میں 200 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی ٹیم 197 رنز بناسکی۔

کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔

اننگز کے آغاز میں پشاور زلمی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جہاں اسے 16 کے مجموعے پر ہی دو اہم وکٹوں کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ 

محمد حارث 10 رنز بنا کر میر حمزہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے جبکہ صائم ایوب ایک رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔ 

ایسے میں کپتان بابر اعظم اور ٹام کوہلر کیڈمور نے شاندار پارٹنرشپ بنا کر ٹیم کو بڑے اسکور کی جانب گامزن کیا۔ کیڈمور نے 28 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔

بابر اعظم اور کیڈمور کے درمیان 81 گیندوں پر 139 رنز کی شاندار پارٹنر شپ بنی جس کے بعد 155 کے مجموعے پر بابر اعظم 68 رنز کی اننگز کھیل عمران طاہر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ 

نئے آنے والے بلے باز بھانوکا راجاپکسے تھے، جو صرف 6 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد کیچ آؤٹ ہوگئے۔

بعدازاں جمی نیشم نے کیڈمور کا ساتھ دیا اور اسکور 197 تک پہنچایا۔ جہاں کیڈمور  92 رنز کے مجموعے پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ تاہم پشاور زلمی کی ٹیم 5 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔  

کراچی کنگز کی جانب میر حمزہ، اینڈریو ٹائے، عمران طاہر اور بین کٹنگ نے ایک ایک وکٹ لی۔

ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کا آغاز اچھا نہ تھا جہاں اس کے جارح مزاج بلے باز شرجیل خان بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ 

میتھیو ویڈ نے 23 رنز کی اننگز کھیلی اور حیدر علی 12 رنز بناسکے جبکہ قاسم اکرم 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ 

کراچی کنگز 46 رنز پر چار اہم وکٹوں سے محروم ہونے کے بعد کراچی کنگز کی بیٹنگ لائن کو اس کے تجربہ کار بلے بازوں شعیب ملک اور کپتان عماد وسیم نے 131 رنز کی شاندار شراکت دی۔ 

شعیب ملک 177 کے مجموعے پر 52 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے لیکن اس کے بعد عماد وسیم اور بین کٹنگ کے درمیان ہوئی پارٹنرشپ بھی ٹیم کو جیت نہ دلواسکی اور پشاور زلمی یہ میچ 2 رنز سے ہار گیا۔

پشاور زلمی کی جانب سے وہاب ریاض اور جمی نیشم نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ سلمان ارشاد نے ایک وکٹ لی۔ 

زلمی کے ٹام کوہلر کیڈمور کو 92 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

پلیئنگ الیونز:

ہوم ٹیم کراچی کنگز عماد وسیم کی کپتانی میں میدان میں اتری جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں شرجیل خان، بین کٹنگ، حیدر علی، شعیب ملک، قاسم اکرم، میتھیو ویڈ، اینڈریو ٹائے، محمد عامر، عمران طاہر اور میر حمزہ شامل تھے۔ 

پشاور زلمی اب بابر اعظم کی کپتانی میں پہلی مرتبہ میدان میں اتری ہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں محمد حارث صائم ایوب، ٹام کوہلر کیڈمور، بھانوکا راجاپکسے، شکیب الحسن، جمی نیشم، وہاب ریاض، خرم شہزاد، سلمان ارشاد اور سفیان مقیم شامل تھے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید