مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان نے رجیم چینج بیانیے سے امریکا کو باعزت بری کردیا۔
میڈیا سے گفتگو میں مریم نواز نے عمران خان کو آڑے ہاتھوں لیا اور پوچھا کہ ہم کوئی غلام ہیں؟ امپورٹڈ حکومت، حقیقی آزادی، ایبسلوٹلی ناٹ جیسے نعروں کا کیا ہوا؟
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے تمام بیانیوں کی موت ہوگئی، اب جنازہ پڑھ لیں اور تدفین زمان پارک لاہور میں کریں۔
ن لیگی سینئر نائب صدر نے مزید کہا کہ ایبسلوٹلی ناٹ کے اسٹیکرز اتارلیں، عوام کو اردو میں بتائیں کہ سب جھوٹ بولا تھا، دھوکا دیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے امریکا سے معافی مانگ لی ہے اور امریکی ڈر سے جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کو نشانے پر رکھ لیا ہے۔
مریم نواز نے پوچھا کہ جنرل باجوہ آپ کے دور اقتدار میں سپر کنگ تھے تو آپ کیا تھے؟
انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ نے اپنا ہاتھ ان سے کھینچ لیا، یہ اب عدلیہ کے گھوڑے پر سوار ہوکر آنے کی کوشش کر رہے ہیں۔