• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ کے پاس چیمپئن بننے کیلئے تمام چیزیں موجود ہیں، محمد حفیظ

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے آل راؤنڈر محمد حفیظ نے کہا ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے پاس اس مرتبہ چیمپئن بننے کےلیے تمام چیزیں موجود ہیں۔

جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ میری پہلی ترجیح کرکٹ کھیلنا ہے، موقع کی تلاش میں تھا۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل ڈرافٹ میں دستیاب تھا پک نہ ہونے کا محسوس کیا، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کال آئی تو میں نے ہاں بول دیا۔

محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ گلیڈی ایٹرز میری ہمیشہ دوسری ٹیم رہی ہے لیکن کھیل نہیں سکا، اب موقع ملا ہے تو ٹیم کی کامیابی میں اپنا کردار ادا کروں گا۔

گلیڈی ایٹریز کے آل راؤنڈر نے کہا کہ کسی ٹیم میں پک نہ ہونے پر مایوس نہیں ہوا تھا، اس کو مثبت انداز میں لیا۔ میں نے سوچا کہ کوئی نہیں کھلانا چاہتا تو کوئی بات نہیں، میں پریکٹس میں رہا اور موقع کی تلاش میں تھا۔

محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ مجھے مینجمنٹ نے جو رول بھی دیا وہ بھرپور انداز میں ادا کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے پاس نوجوان کھلاڑی ہیں، بیٹنگ تجربہ کار ہے۔ افتخار احمد اچھا کھیل رہے ہیں جبکہ سرفراز احمد اور محمد نواز بھی فارم میں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ میں جوش و ولولہ پایا جاتا ہے، مقابلے کی کرکٹ کی وجہ سے یہ لیگ دنیا بھر میں مقبول ہے۔

محمد حفیظ نے کہا کہ پی ایس ایل کی بولنگ کوالٹی کی ہے، حارث، شاہین اور زمان کی بولنگ اس کی مثال ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کھیلنے والوں کا کیریئر طویل ہو جاتا ہے۔

اپنی سابقہ ٹیم کے بارے میں بات کرتے ہوئے محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ لاہور قلندرز کے ساتھ کھیل کر بہت مزہ آیا، یہ میری اپنی ٹیم ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز کے ساتھ فخر اور عزت کے ساتھ کھیلا، فرنچائز کرکٹ کا یہی مزہ ہے کہ آپ جس ٹیم کی طرف سے بھی کھیلیں اس میں اپنا رول ادا کرتے ہیں۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید