کراچی(نیوزڈیسک)بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف دستاویزی فلم چلانے پر بھارت میں برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کے دفاتر پر حکومت نے کریک ڈاؤن کیا ہے۔بھارتی حکام کا یہ اقدام حکومت کی جانب سے بی بی سی کی دستاویزی فلم کے کلپس کو شیئر کرنے پر پابندی عائد کرنے کے چند ہفتوں بعد سامنے آیا ہے۔بی بی سی کی دستاویزی فلم میں گجرات فسادات کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت پر سوال اٹھایا گیا تھا۔بھارتی انکم ٹیکس حکام نے نئی دلی اور ممبئی میں بی بی سی کے دفترپر چھاپا مارا جبکہ بھارتی پولیس بھی بی بی سی کے دفتر میں لوگوں کو داخل ہونے یا جانے سے روکنے کے لیے موجود تھی۔بھارتی حکام نے بی بی سی نئی دلی اور ممبئی دفاتر سےکچھ صحافیوں کے فونز، لیپ ٹاپ اور دیگر دستاویزات قبضے میں لی ہیں۔ٹیکس حکام کا کہنا تھاکہ بی بی سی دفاترپر یہ سرچ آپریشن نہیں سروے ہے، بی بی سی دفاتر سے لیے گئے صحافیوں کے فونز واپس کردیے جائیں گے۔