• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جاوید میانداد نے پریشان مداحوں کو تسلی دے دی


پاکستان کرکٹ کے لیجنڈ بیٹر جاوید میانداد نے اپنے چاہنے والوں کے لیے ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔

تقریباً ایک منٹ پر مشتمل ویڈیو بیان میں جاوید میانداد نے کہا کہ مجھے پتا چلا کہ میری بیماری کے بارے میں خبر میڈیا پر نشر ہوئی ہے۔

انہوں نے اپنے مداحوں کو تسلی دی کہ خبر سننے کے بعد لوگ پریشان ہوگئے ہیں، میں سب کو کہنا چاہتا ہوں، میں بالکل خیریت سے ہوں۔

لیجنڈ بیٹر نے مزید کہا کہ سر میں درد کی شکایت پر میں اسپتال میں اپنے چیک اپ کے لیے آیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ چیک اپ کے لیے تو اسپتال آنا ہی پڑتا ہے، الحمدلللّٰہ سب ٹھیک ہے، کوئی بھی فکر کی بات نہیں۔

جاوید میانداد نے کہا کہ مجھے پتا چلا ہے کہ میری طبیعت کی خبر سن کر لوگ پریشان ہوئے ہیں، جن میں میری فیملی، دوست احباب اور ملک اور بیرون ملک کے مداح شامل ہیں، انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ میں بالکل خیریت سے ہوں، کوئی سنجیدہ نوعیت کی بات نہیں ہے۔

انہوں نے اپنے مداحوں کو بتایا کہ میں آدھے سے ایک گھنٹے میں اسپتال سے ڈسچارج ہوکر اپنے گھر چلا جاؤں گا، اتنی محبت کے لیے آپ کا بہت بہت شکریہ۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید