پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ عدلیہ میں کچھ فیض کے چیلے موجود ہیں، جو اب تک کام کر رہے ہیں۔
راولپنڈی میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کے کندھے پر بیٹھ کر آنے والا عمران خان اس بار عدلیہ کے کندھے پر بیٹھ کر اقتدار میں آنا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس ملک کو ایماندار ججوں کی ضرورت ہے، عمران دار ججوں کی نہیں، یاسمین راشد نے لیکڈ آڈیو میں کہا ہے کہ سپریم کورٹ میں ہمارے بندے بیٹھے ہیں۔
ن لیگی سینئر نائب صدر نے مزید کہا کہ پوری عدلیہ بُری نہیں مگر وہاں کچھ فیض کے چیلے بھی موجود ہیں جو اب تک کام کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) الیکشن سے نہیں بھاگ رہی، الیکشن جیتنے کے لیے میدان میں اتر چکی ہے۔
مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ مہنگائی اور عمران خان ایک ہی چیز کے دو نام ہیں، جب سے عمران خان آیا ملک سے مہنگائی جانے کا نام نہیں لے رہی۔
انہوں نے کہا کہ ملک سے مہنگائی اور عمران خان کو اکٹھے اٹھا کر باہر پھینکیں گے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ جو بارودی سرنگیں آئی ایم ایف معاہدے کی شکل میں عمران خان بچھا کر گیا، شہباز شریف وہ بارودی سرنگیں دن رات ایک کر کے چن رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پوچھتی ہوں جنگل میں آگ لگانے والے کو کٹہرے میں کھڑا کرنا چاہیے یا آگ بجھانے والے کو؟ معیشت کو ٹھیک ہوتے ہوتے چند سال لگیں گے۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ اگر مسلم لیگ ن معیشت کو ٹھیک نہیں کرسکتی تو کوئی جماعت بھی نہیں کرسکتی۔
انہوں نے کہا کہ جس کو یہ خاتون خانہ کہتا تھا، ملک کا یہ حال اس خاتون خانہ کی وجہ سے ہوا، کہتے ہیں گھریلو خاتون ہے، عجیب گھریلو خاتون ہے جو ایک فائل پر دستخط کے ہیروں کی انگوٹھی مانگ رہی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ وزارت عظمیٰ 3 بار مسلم لیگ ن کے پاس رہی، کوئی ایک آڈیو لیک دکھا دیں، جس میں نواز شریف نے کہا ہو سائفر پر کھیلیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی کارکردگی صفر تھی، نواز شریف کے 4 سال دیکھ لیں، عمران خان کے 4 سال دیکھ لیں، ان کے پاس بتانے کے لیے ایک منصوبہ بھی نہیں۔
ن لیگی سینئر نائب صدر نے کہا کہ تاریخ میں ایسے نام آئے گا جیسے بابا رحمت کا آتا ہے، بار بار عدالت کہہ رہی ہے کہ عدالت میں آجاؤ، کہتا ہے میری ٹانگ خراب ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ کون سا پلاستر ہے جو 5 مہینے سے اترنے کا نام نہیں لے رہا، ٹانگ کا پلاستر نہ ہوا پشاور کی بی آر ٹی ہوگئی، اترنے کا نام ہی نہیں لے رہا۔
مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف نے 200 پیشیاں بھگتیں، کہا جاتا تھا ایک گھنٹے میں نواز شریف کو پیش کیا جائے، پوچھنا تھا کہ قانون کے وہ آہنی ہاتھ جو نوازشریف کےلیے فولاد کے ہاتھ تھے، وہ آج عمران خان کے لیے موم کے کیوں بن گئے؟
ان کا کہنا تھا کہ کیا یہ سہولت کاری کیا نواز شریف کو حاصل تھی، سہولت کاری تمہاری ہو رہی ہے اور مہم مسلم لیگ (ن) چلا رہی ہے؟
ن لیگی سینئر نائب صدر نے کہا کہ شرم کرو شرم کرو، یہ کوئی پاناما والا کیس نہیں، ٹیریان والے کیس میں اس نے جھوٹ بولا، پوچھتی ہوں القادر ٹرسٹ والا کیس سچا ہے یا جھوٹا ہے؟
انہوں نے کہا کہ اسی لیے یہ عدالت میں پیش نہیں ہوتا، اس کے کیسز سچے ہیں، لوگوں کو چور چور کہنے والا پاکستان کا سب سے بڑا چور اور ڈکیت نکلا۔
مریم نواز نے کہا کہ سچے کیسز کے باوجود کہہ دیتا ہے، میں بزرگ آدمی ہوں مجھے نہ بلاؤ، اس نے یہ تو مان لیا ہے کہ بزرگ آدمی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو کہتا ہے جیلیں بھرو، ڈوگر کو فون کر کے کہتا ہے مجھے پولیس پکڑنے تو نہیں آرہی، گرفتاری دینے کےلیے شیر کا جگر چاہیے۔
ن لیگی سینئر نائب صدر نے کہا کہ باہر جھانک کر دیکھتا ہے کہ مجھے بچانے کے لیے خواتین اور بچے موجود ہیں؟ کیا بزدل آدمی پاکستانی قوم کا لیڈر ہوسکتا ہے؟
انہوں نے کہا کہ مجھے میری 14 سال کی بیٹی کے سامنے گرفتار کیا، جیلیں بعد میں بھرنا، جو 2، 2 دن جیل کاٹ کر آ رہے ہیں ان کا رونا دھونا تو بند کرواؤ۔
مریم نواز نے کہا کہ میرے باپ کے سامنے مجھے گرفتار کیا، میں کہہ کر آئی گھبرانا نہیں، مسلم لیگ (ن) کا لیڈر بھی شیر دل ہے ورکر بھی شیر دل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بنی گالہ میں بھی نہیں بیٹھا، زمان پارک کے بنکر میں چھپ کر بیٹھا ہے، ڈر کر بنکر میں کیا بیٹھے ہو؟ جس دن رانا ثنااللّٰہ نے گرفتار کرنا ہوا تو کیا ڈوگر صاحب تمہیں بچالیں گے؟
ن لیگی سینئر نائب صدر نے کہا کہ جو کہتے ہیں مسلم لیگ (ن) الیکشن نہیں لڑنا چاہتی وہ کان کھول کر سن لیں، ن لیگ سلیکشن سے نہیں آئی، الیکشن صرف لڑنا نہیں ہے، جیتنا بھی ہے، میں اپنی جان لڑادوں گی۔
انہوں نے کہا کہ جو ہم پر الیکشن سے بھاگنے کا الزام لگا رہے ہیں وہ خود چوہے کی طرح دبک کر بیٹھے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ جب نواز شریف تھا تو روٹی 5 روپے کی ملتی تھی، سبزیاں، ٹماٹر، آلو سب چند روپے کلو ملتی تھیں جبکہ ایک وہ بھی حکمران رہا ہے گھڑی چور، جو 4 سال بنی گالہ میں چھپ کر بیٹھا رہا۔
انہوں نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں مسلم لیگ (ن) کے پاس نوجوان نہیں ہیں، اس الیکشن میں پتہ چلے گا کہ ن لیگ کے پاس کتنے نوجوان ہیں۔
ن لیگی سینئر نائب صدر نے کہا کہ اگر نواز شریف کے منصوبے گننے لگ جاؤں تو مغرب ہوجائے گی، جب جب ن لیگی قائد کو پاکستان ملا تیزی سے نیچے جاتا پاکستان ملا۔
ان کا کہنا تھا کہ جب نواز شریف ملک کو کچھ بنا دیتا ہے تو اس کو دیس سے نکال دیتے ہیں، مشکلات پیدا کرنے کوئی اور جاتا ہے، مشکلات کو ٹھیک کرنے والے کا ایک ہی نام نواز شریف ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ کل بھی مجھ سے پوچھا گیا کہ وہ کب آئیں گے، میں نے جواب دیا وہ اسی مٹی کا بیٹا ہے، یہیں واپس آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف صاحب کی پنڈی سے محبت ڈھکی چھپی نہیں، پہلی بار وزیر اعظم بننے پر نواز شریف نے موٹروے کا آغاز راولپنڈی سے کیا۔
ن لیگی سینئر نائب صدر نے کہا کہ میاں صاحب اگر آپ سن رہے ہیں تو راولپنڈی کی عوام کی آواز آپ کو پہنچا دوں، یہاں کے لوگ کہہ رہے ہیں، میاں صاحب آئی لو یو۔