• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جو پلیئرز پی ایس ایل میں اچھا پرفارم کرتے ہیں وہ پاکستان ٹیم میں آجاتے ہیں، سلمان ارشاد


پشاور زلمی کے فاسٹ بولر سلمان ارشاد نے کہا ہے کہ جو پلیئرز پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں اچھا کرتے ہیں وہ پاکستان ٹیم میں آجاتے ہیں۔

جیو نیوز کو انٹرویو میں 27 سالہ سلمان ارشاد نے کہا کہ پشاور زلمی کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف میچ کےلیے تیار ہے، کوئٹہ سے میچ اچھا ہوگا اور ہر کوئی اس میچ کو انجوائے کرے گا۔ زلمی کا کیمپ پُرامید ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف اچھی کارکردگی دکھا کر کامیابی حاصل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پشاور کا کامبی نیشن اچھا ہے، پہلے میچ میں شاندار کامیابی ملی، دوسرے میچ میں اسٹارٹ اچھا ہوا تھا لیکن درمیان میں وکٹیں گنوانے کی وجہ سے میچ میں شکست ہوئی لیکن ٹیم کا حوصلہ اچھا ہے۔

نوجوان فاسٹ بولر نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ دنیا کی بڑی لیگ ہے۔ اس لیگ میں اگر کوئی پلیئر پرفارم کرتا ہے تو اس کا پاکستان کھیلنے کا سفر آسان ہوجاتا ہے۔

سلمان ارشاد کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کا ان کے کیریئر میں کافی اہم کردار رہا ہے۔

لاہور قلندرز کے پلیئرز ڈوپلمنٹ پروگرام سے پاکستان سپر لیگ تک آنیوالے سلمان ارشاد نے کہا کہ انہیں قلندرز کی جانب سے اپنا ڈبیو آج بھی یاد ہے کہ کیسے پہلی گیند پر مصباح الحق کو آؤٹ کیا اور پھر کیسے محمد سمیع کی پہلی گیند پر چھکا مارا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اس بات کا افسوس تھا کہ میچ جتوا نہ سکے، مقابلہ ٹائی ہوا تھا لیکن وہ ان کی زندگی کا سب سے اہم میچ تھا۔

سلمان ارشاد نے کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ پی ایس ایل کے دوران اپنی ڈیتھ اوورز کی بولنگ پر اور بھی کام کریں کیوں کہ ان کی خواہش ہے کہ پاکستان کی نمائندگی کریں اور پاکستان کھیلنے کےلیے ضروری ہے کہ اپنے اہم ایریاز کو مضبوط کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں ڈیرن سیمی، انضمام الحق اور محمد اکرم کی موجودگی سے انہیں بہت کچھ سیکھنے کو مل رہا ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید