• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روس ہمارے اہم انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنانے کیلئے جاسوسی کر رہا ہے، نیدرلینڈز

شمالی سمندر میں موجود نیدرلینڈز کا بجلی بنانے والا نظام۔
شمالی سمندر میں موجود نیدرلینڈز کا بجلی بنانے والا نظام۔

نیدرلینڈز کی ملٹری انٹیلی جنس ایجنسی (ایم آئی وی ڈی) کا دعویٰ ہے کہ روس نے شمالی سمندر میں موجود اہم انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنانے کیلئے معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی ہے۔

ڈچ ایجنسی کے سربراہ جنرل ہان سوی لنز نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ شمالی سمندر کے علاقے میں ہوا سے بجلی تیار کرنے والے ایک انفرااسٹرکچر کے قریب روسی بحری کشتی کی نشاندہی کی گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ڈچ بحریہ اور کوسٹ گارڈز نے روسی کشتی کی سبوتاژ کی کوشش کامیاب ہونے سے پہلے ہی اسے سمندری حدود سے باہر نکال دیا۔

جنرل ہان کا کہنا تھا کہ ہم نے حالیہ مہینوں میں مشاہدہ کیا ہے کہ روس شمالی سمندر میں موجود توانائی نظام کے متعلق معلومات جاننے کی کوشش کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ روس شمالی سمندر میں ہمارے ہوا سے توانائی پیدا کرنے والے انفرااسٹرکچر کے نقشے بنا رہا ہے۔

نیدرلینڈز کی دو خفیہ ایجنسیز نے آج جاری ہونے والی مشترکہ رپورٹ میں کہا کہ روس انٹرنیٹ کیبلز، گیس پائپ اور ونڈ انرجی سسٹم کو سبوتاژ کرسکتا ہے۔

خیال رہے کہ ہفتے کو نیدرلینڈز نے کہا تھا کہ وہ روس کے سفارتکاروں کو ملک بدر کرے گا کیونکہ سفارتکاری کی آڑ لے کر روس ہمارے یہاں اپنے جاسوس بھیج رہا ہے۔

نیدرلینڈز نے روس کو ایمسٹرڈیم میں واقع تجارتی مشن کو بھی بند کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ سینٹ پیٹرزبرگ میں واقع ڈچ قونصل خانہ بھی بند کر دیا جائے گا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید