بہاولپور(سٹی رپورٹر) جی پی او بہاولپور کی عمارت خستہ حال، فرش ٹوٹ پھوٹ کا شکار، شدید گرمی میں روم ائیرکولرکاانتظام نہ ہونے سے لوگوں کو پریشانی،شہریوں کا ڈائریکٹرجنرل پوسٹ آفس سے نوٹس لینے کامطالبہ۔ تفصیل کے مطابق جنرل پوسٹ آفس بہاولپور بالمقابل گورنمنٹ ایس ای کالج بہاولپور کی عمارت خستہ حال ہوچکی ہے، فرش ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، پانی کی ٹینکی خراب ہے جس کی وجہ سے پینے کا صاف پانی بھی میسر نہیں، واٹرفلٹر بھی خراب ہے جبکہ جی پی او میں نصب واحد الیکٹرک کولر بھی ایک عرصے سے خراب پڑا ہے۔ شدید گرمی میں اتنے بڑے جنرل پوسٹ آفس میں ایک بھی روم ائیرکولر موجود نہیں جس کی وجہ سے جنرل پوسٹ آفس میں رجسٹری، منی آرڈر اور دیگر ضروری کاموں سے آنے والے لوگوں کا گرمی کے مارے براحال ہوجاتاہے۔ علاوہ ازیں جی پی او میں آنے والے صارفین کے لئے سایہ دار جگہ کا بھی انتظام موجود نہیں جہاں وہ اپنی سواریاں کھڑی کرسکیں یا رش ہونے کی صورت میں انتظار کرسکیں۔ شہریوں محمدجمشید، محمدکامران، وحیدفراز، رانا جاوید اور ارشدنواز نے ڈائریکٹرجنرل پوسٹ آفس، ایم این اے و پارلیمانی سیکریٹری مواصلات میاں عالم داد لالیکاو دیگر ارباب اختیار سے مطالبہ کیا کہ جنرل پوسٹ آفس بہاولپور بالمقابل گورنمنٹ ایس ای کالج بہاولپور کی خستہ حال عمارت ٹوٹے پھوٹے فرش کی تعمیر ومرمت کی جائے، شدید گرمی کے باعث جی پی او میں روم ائیرکولرز لگوائے جائیں، گرین نیٹ نصب کیاجائے اور جی پی او میں شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لئے مزید اقدامات کئے جائیں۔ اِس حوالے سے قائمقام پوسٹ ماسٹر پرویز اقبال نے ”جنگ“کو اپنا موقف بیان کرتے ہوئے بتایا کہ الیکٹرک کولر خراب ہونے پر شہریوں کو ٹھنڈے پانی کی فراہمی کے لئے برف کا کولر بھروا کر رکھاجاتاہے۔ انہوں نے بتایا کہ سائیکل سٹینڈ کی تعمیرکے لئے اعلیٰ حکام نے ٹینڈرز جاری کردئیے ہیں۔