• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی سی بی موقف پر ڈٹ گیا، پنجاب حکومت کو دو ٹوک پیغام

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 25 کروڑ روپے دینے کی پنجاب حکومت کی پیشکش بھی قبول نہیں کی اور دو ٹوک کہہ دیا کہ سیکیورٹی کی مد میں ایک پیسہ نہیں دیں گے، پنجاب حکومت نے اخراجات کرنے کی ہامی نہ بھری تو منگل سے پی ایس ایل کے میچز کراچی منتقل ہوجائیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ اور نگراں پنجاب حکومت کے درمیان سیکیورٹی کی مد میں ادائیگی کا تنازع شدت اختیار کر گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نگراں پنجاب حکومت نے 25 کروڑ کے اخراجات اٹھانے اور 25 کروڑ بورڈ کے اپنے طور پر اُٹھانے کا پیغام پی سی بی کو پہنچایا جس کے بعد پی سی بی کا اہم اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ بورڈ اپنے فیصلے پر ڈٹا رہے گا اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی، سیکورٹی کی مد میں ایک روپیہ بھی نہیں دیا جائے گا۔

جس طرح حکومت کی جانب سے پیغام ملا بورڈ نے بھی حکومت کو پیغام پہنچا دیا جس میں کہا گیا ہے کہ پی سی بی ایک پیسہ نہیں دے گا اور اگر معاملہ حل نہ کیا گیا تو دو میچز کے بعد منگل کو پی ایس ایل 8 میں لاہور کے میچز کراچی میں ہوں گے۔

پی سی بی کے مطابق ٹیموں کو اسٹیٹ گیسٹ کا درجہ حاصل ہے اور ان کو سیکیورٹی دینا اسٹیٹ کی ذمے داری ہے، اس کے علاوہ یہ پیغام بھی دیا گیا ہے کہ سیکیورٹی میں کوئی کوتاہی برتی گئی یا کوئی کھلاڑی سیکیورٹی کی بنیاد پر دستبردار ہوا تو حکومت ذمے دار ہوگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے پہلے پانچ کروڑ روپے مانگے جو پی سی بی نے دیے لیکن اس کے بعد مزید رقم کیلئے لیٹر لکھ دیا گیا جس پر پی سی بی نے انکار کردیا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید