• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 2 وکٹوں سے شکست دیدی

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

ایچ بی ایل پی ایس ایل 8 کے 21ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز  کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کےلیے 180 رنز کا ہدف دیا تھا، جس کے جواب میں اسلام یونائیٹڈ نے مقررہ 19 اعشاریہ 3 اوور میں 8 وکٹوں پر 183 رنز بناکر فتح حاصل کی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا تھا، محمد نواز اور نجیب اللّٰہ زادران کی شاندار بیٹنگ اور عمر اکمل کی دھواں دار اننگز کی بدولت  کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 179 رنز بنائے۔

کوٹئہ گلیڈی ایٹرز نے اپنی اننگز کا مایوس کن آغاز کیا، اور پاور پلے میں اس کے سارے برج گر گئے، 6 اوورز میں گلیڈی ایٹرز نے 4 وکٹوں پر 19 رنز بنائے۔

گلیڈی ایٹرز نے جب اننگز کا آغاز کیا تو شروع میں ہی اسے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور پہلے اوور میں ول اسمیڈ 3 کے اسکور پر فضل حق فاروقی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

اسکور جب 8 کے مجموعے پر پہنچا تو تیسرے اوور میں ہی یاسر خان اپنی وکٹ گنوا کر پویلین کی جانب لوٹ گئے، جس کے بعد کپتان سرفراز احمد  اور افتخار احمد بھی باری باری آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد محمد نواز اور نجیب اللّٰہ زادران نے ٹیم کو سنبھالا دیتے ہوئے 104 رنز کی پارٹنر شپ بنائی اور یوں ٹیم کا اسکور 121 تک پہنچا دیا، 16ویں اوور کی پہلی گیند پر محمد نواز شاٹ لگانے کی کوشش میں فضل حق فاروقی کی گیند پر مبشر خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے محمد نواز نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 44 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 52 رنز بنائے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے فضل حق فاروقی نے 3 فہیم اشرف نے 2 جبکہ رومان رئیس نے ایک وکٹ حاصل کی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے دیے گئے 180 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے جب اننگز کا آغاز کیا تو پہلے اوور کی دوسری ہی گیند پر رحمان اللّٰہ گر باز 1 رنز کے اسکور پر نسیم شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔

جس کے بعد ایلکس ہیلز کا ساتھ دینے کےلیے کولن منرو آئے اور دونوں نے 51 رنز کی پارٹنر شپ بنا کر ٹیم کو سنبھالا، 52 کے مجموعے پر ایلکس ہیلز 12 رنز بنا کر نوین الحق کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کو تیسری وکٹ کا نقصان اس وقت کرنا پڑا جب 96 کے اسکور پر کپتان شاداب خان ساتویں اوور کی آخری گیند پر 8 رنز بنا کر افتخار احمد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے جبکہ اگلے اوور کی پہلی ہی گیند پر شاندار بیٹنگ کرنے والے کولن منرو کی اننگ کا بھی خاتمہ ہوا۔ انہوں نے 29 گیندوں پر 5 چوکوں اور  4 چھکوں کی مدد سے 69 رنز بنائے۔

 نویں اوور میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو 102 کے مجموعے پر مبشر خان کی صورت میں پانچویں وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا۔ مبشر عمید آصف کی گیند پر 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد 111 رنز پر آصف علی بھی 6 رنز بنا کر محمد نواز کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

اس کے بعد اعظم خان کا ساتھ دینے کےلیے فہیم اشرف آئے اور دونوں نے 58 رنز کی شاندار شراکت قائم کرکے ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی تو 169 کے اسکور پر اعظم خان بھی 19ویں اوور میں باؤنڈری پر کیچ دے کر اپنی وکٹ گنوانے کے بعد پویلین کی جانب روانہ ہوگئے۔ انہوں نے 2 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 25 گیندوں پر 35 رنز بنائے۔

اننگز کے 19ویں اوور کی آخری گیند پر اسلام آباد یونائیٹڈ کو حسن علی کی صورت میں آٹھویں وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا۔

آخری اوور میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیتنے کیلئے 9 رنز کی ضرورت تھی، تاہم فہیم اشرف نے اوڈین اسمتھ کو لگاتار تین چوکے مار کر اپنی ٹیم کو فتح یاب کروادیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے سب سے کامیاب بولر عمید آصف رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 37 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد نواز نے 2 اور نسیم شاہ، نوین الحق اور افتخار احمد کے حصے میں 1، 1 وکٹ آئی۔


کھیلوں کی خبریں سے مزید