• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قانون یکساں نہیں ہوگا تو فری اینڈ فیئر الیکشن کیسے ہوگا؟ طلال چوہدری

طلال چوہدری - فوٹو: فائل
طلال چوہدری - فوٹو: فائل

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ الیکشن کے اعلان کے ساتھ عمران خان کو ڈاکٹرز سے انتخابی مہم چلانے کی اجازت مل گئی۔

فیصل آباد میں پریس کانفرنس کے دوران طلال چوہدری نے کہا کہ عمران خان خان نے تو سیاستدانوں کا نام تک بدنام کردیا، پاکستانی سیاستدان تو بہادر تھے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو عدالت بلاتی ہے تو ٹانگ کا عذر پیش کیا جاتا ہے اور اب الیکشن کے اعلان کے ساتھ ہی ڈاکٹرز نے مہم چلانے کی اجازت دیدی۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ آج پھر قوم جس کو لیڈر سمجھتی رہی وہ گیدڑ نکلا، پولیس والے پکڑنے نہیں صرف چیک کرنے گئے تھے کہ لیڈر میں کتنا دم خم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پولیس عدالتی حکم پر گئی تھی، جتنی دیر پولیس باہر کھڑی رہی خان صاحب نے باتھ روم کا دروازہ نہیں کھولا۔

طلال چوہدری نے مزید کہا کہ یہ خبریں پھر چل رہی ہیں کہ چھٹی والے دن عدالتیں کھل رہی ہیں، عمران خان کو آج لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے بہت اچھے لگ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آنسو سے سیلاب لانے والے کیا انقلاب لائیں گے، قانون ایک جیسا نہیں ہوگا تو فری اینڈ فیئر الیکشن کیسے ہوگا؟

ن لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ پچھلے الیکشن میں فیصلہ ووٹ سے ہوتا تو آپ کونسلر بھی نہ ہوتے، تم کچھ عرصے کے لیے لاڈلے رہے ہو، تمہیں ہر گناہ معاف تھا لیکن قانون اب بدل چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کبھی کسی کا کاندھا مانگتے کبھی کسی کا، کردار اور کارکردگی سے انقلاب آتا ہے، آپ کے پاس دونوں نہیں، اسلام آباد پولیس کو لکھ کر دیا عمران خان زمان پارک میں نہیں۔

طلال چوہدری نے کہا کہ میاں نواز شریف نے کارکنوں کو ڈھال نہیں بنایا، خان صاحب کیسے لیڈر ہیں جو خواتین کو بھی ڈھال کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تمہارے گھر میں چوری شدہ سامان پڑا ہے، کیا لگتا ہے تمہیں گرفتار نہیں کیا جا سکتا؟ ریاست نے فیصلہ کرلیا تو تم اگلے لمحے گرفتار ہوگے۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ جب تک قانون ہر کسی سے ایک جیسا سلوک نہیں کرے گا ریاست نہیں چل سکتی، عمران خان کی خواہش والا الیکشن پاکستان کی ضرورت پوری نہیں کرسکتا۔

قومی خبریں سے مزید