پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری اور کارروائیوں سے بچنے کے لیے درخواست پر جسٹس شاہد کریم نے لاہور ہائی کورٹ آفس کا اعتراض ختم کر دیا۔
لاہور ہائی کورٹ آفس کو عمران خان کی درخواست بینچ کے روبرو لگانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
عمران خان کے وکیل نے کہا ہے کہ آفس نے جن کو فریق بنانے کا اعتراض لگایا انہیں ڈیلیٹ کرنے کو تیار ہیں۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے گرفتاری اور کارروائیوں سے بچنے کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔
لاہور ہائی کورٹ آفس نے اعتراض لگایا تھا کہ درخواست کے ساتھ مصدقہ نقول نہیں اور درخواست میں متعلقہ لوگوں کو فریق نہیں بنایا گیا۔
درخواست میں فیڈریشن، آئی جی پنجاب، آئی جی اسلام آباد، کمشنر لاہور اور سندھ، بلوچستان، کے پی کے سیکریٹریز ہوم کو فریق بنایا گیا ہے۔
عمران خان کی جانب سے درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ جب تک عدالت پیشی کے لیے مناسب سیکیورٹی انتظامات نہ ہوں، گرفتاری سمیت کوئی کارروائی نہ کی جائے اور تحفظ کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ جان کو خطرے کے پیش نظر ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں حاضری لگائی جائے، انصاف کے تقاضوں کے پیش نظر جھوٹے اور سیاسی کیسز سے محفوظ کیا جائے۔