سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو فول پروف سیکیورٹی دینے کے لیے درخواست تیار کرلی گئی۔
اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں درخواست دائر کرنے کےلیے عمران خان کے وکلاء پہنچے لیکن عدالت کا وقت ختم ہوگیا۔
عمران خان کی طرف سے انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں فول پروف سیکیورٹی سے متعلق درخواست دائر نہ کی جاسکی۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ انسداد دہشت گردی عدالت میں کل پیشی پر عمران خان کو فول پروف سیکیورٹی دی جائے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ فول پروف سیکیورٹی مہیا نہیں کی جاتی تو عمران خان کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے۔
درخواست کے متن کے مطابق عمران خان مسلسل صحت کے مسائل کا شکار ہیں، ڈاکٹروں نے پی ٹی آئی چیئرمین کو سفر کرنے سے منع کیا ہے۔
درخواست میں بتایا گیا کہ عمران خان کو عدالت پیش ہونے پر جان کا خطرہ بھی لاحق ہے، اس لیے فول پروف سیکیورٹی کا مہیا کی جائے۔
درخواست کے متن کے مطابق عمران خان کی گزشتہ عدالتی پیشی پر سیکیورٹی کے انتظامات تسلی بخش نہیں تھے، پی ٹی آئی چیئرمین کو اُس موقع پر مشکلات کا سامنا ہوا تھا۔
عمران خان نے کل ضمانت میں توسیع کےلیے انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہونا ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے فیصلے کے خلاف احتجاج پر تھانہ سنگجانی میں عمران خان کے خلاف مقدمہ درج ہے۔