• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کی کل اسلام آباد کی مختلف عدالتوں میں پیشی

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی کل اسلام آباد کی مختلف عدالتوں میں پیشی ہے۔

سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف کل ضلعی کچہری کی 2 مختلف عدالتوں میں کیسز مقرر ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال کریں گے۔

سول جج رانا مجاہد رحیم کی عدالت میں خاتون جج کو دھمکانے کے کیس کی سماعت ہوگی۔

پی ٹی آئی لیگل ٹیم کے ذرائع کے مطابق توشہ خانہ کیس میں سیکیورٹی خدشات کے باعث استثنیٰ کی درخواست دائر کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق خاتون جج کو دھمکی کیس میں ویڈیو لنک کی درخواست کی بنیاد پر کل استثنیٰ مانگا جائے گا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے 7 مارچ کو توشہ خانہ کیس میں عمران خان کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کرنے کا فیصلہ سنایا تھا۔

عدالت عالیہ اسلام آباد نے اپنے فیصلے میں عمران خان کو 13 مارچ کو سیشن عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔

ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے بھی اسی دن عمران خان کو 13 مارچ کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم سنایا تھا۔

سیشن عدالت نے حکم دیا تھا کہ عمران خان توشہ خانہ کیس میں فرد جرم عائد کرنے کےلیے 13 مارچ کو پیش ہوں گے۔

قومی خبریں سے مزید