پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ ثقلین مشتاق نے بتادیا کہ انہوں نے اپنی بیٹی کے لیے شاداب خان کا انتخاب کیوں کیا۔
ثقلین مشتاق حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شریک ہوئے جہاں ان سے سوال کیا گیا کہ شاداب خان کی کس خصوصیت کو دیکھتے ہوئے انہیں داماد بنانے کا فیصلہ کیا؟
ثقلین مشتاق نے کہا کہ شاداب خان کی 2 عادتوں کو دیکھ کر میں نے اسے داماد کے طور پر قبول کیا، پہلی یہ کہ شاداب کی والدہ نے بتایا کہ بیٹے نے ان سے کہا کہ والدین میرے لیے رشتہ دیکھیں۔
سابق کرکٹر نے کہا کہ دوسری بات یہ کہ شاداب خان 5 وقت کا نمازی ہے، میں نے جتنا عرصہ اس کے ساتھ گزارا مجھے اس میں کوئی غلط بات نظر نہیں آئی۔
انہوں نے کہا کہ شاداب خان نماز پڑھنے کے لیے سب کو بلانے کے لیے دروازے کھٹکھٹاتا تھا، اس کی یہ بات مجھے پسند تھی، ان دو چیزوں کو سوچ کر میں نے شاداب کو بطور داماد قبول کرنے کا فیصلہ کیا۔