اسلام آباد(اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے پاکستا نی معیشت کو ابھرتی ہوئی معیشتوں میں شمولیت کو تاریخی اور سنہری موقع قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پا کستان دوبارہ ایمر جنگ مار کیٹ انڈ کس میں شا مل ہو گیا ہے،ملک معاشی استحکام کی طرف گا مز ن ہے، پاکستان کی خود مختاری، خوشحالی اور ترقی کی راہ متعین ہو چکی ہے۔معاشی استحکام کے حصول کے بعد آئندہ دو سال میں معاشی نمو کیلئے کام کریں گے ۔آئی ایم ایف کے ساتھ بہت اچھی پارٹنر شپ رہی، رواں ماہ آخری جائزہ مشن ہو گا، اس کے بعد آئی ایم ایف پروگرام کی مزید ضرورت نہیں ہو گی۔ تمام سیاسی جماعتیں میثاق معیشت پر متحد ہو جائیں تو اقتصادی ترقی کے اہداف کاحصول مشکل نہیں۔ وہ مالیاتی خدمات فراہم کرنے والے عالمی ادارے مورگن اسٹینلے کیپٹل انٹرنیشنل کی جانب سے پاکستان کو ابھرتی معیشت قرار دینے کی مناسبت سے بدھ کو سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ چیئرمین نجکاری کمیشن محمد زبیر، چیئرمین ایس ای سی پی ظفر الحق حجازی، چیئرمین پاکستان اسٹاک ایکسچینج منیرکمال اور چیئرمین ایف بی آر نثار محمد خان بھی تقریب میں موجود تھے۔ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کو مورگن ا سٹینلے کیپٹل انٹرنیشنل (ایم ایس سی آئی) کی ابھرتی منڈیوں کی فہرست میں دوبارہ شامل کرلیا گیا ہے، 2008ءمیں پاکستان کو مورگن ا سٹینلے کیپٹل انٹرنیشنل کی فہرست سے خارج کردیا گیا تھا۔ ہم نے تین سال تک محنت کی‘ گزشتہ سال تمام ا سٹاک ایکسچینجز کا ادغام مکمل کیا اور رولز بنائے گئے۔ پاکستان کو کل رات دو بجے امریکی ٹائم کے مطابق شام پانچ بجے مورگن اسٹینلے کیپٹل انٹرنیشنل کی ابھرتی مارکیٹوں کی فہرست میں شامل کر لیا گیا ہے۔