• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرپشن کے خلاف قومی جہاد کی ضرورت ہے، سراج الحق

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کرپشن کے خلاف قومی جہاد کی ضرورت ہے اگر یہ مسئلہ ابھی حل نہ ہوا تو اس کا ملک اور عوام کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا ۔حکومت پاکستان اور افغانستان کی حکومت کے لیے آپس میں دوستی کے علاوہ کوئی اور آپشن موجودنہیں ۔کشیدگی کا سارا فائدہ بھارت کو ملے گا۔ اس لڑائی کو طول دینا دونوں ممالک کے حق میں نہیں ہے۔کراچی ملک کا سب سے بڑا شہر ہے اس کے لیے وفاقی حکومت اور سندھ حکومت ،کسی نے بھی بجٹ میں کچھ نہیں رکھا۔ ہم سب سے اپیل کرتے ہیں کہ کراچی کی تعمیر و ترقی کے لیے جماعت اسلامی نے جو آواز اٹھائی ہے اور جس پیکج کا مطالبہ کیا ہے اسے منظور کرانے کے لیے ہمارا اور کراچی کا ساتھ دیں ۔ انہوں نے کہا ک رمضان المبارک کے بعد ہم کرپشن فری پاکستان تحریک کو دوبارہ سے مزید تیز کریں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ادارہ نور حق میں جماعت اسلامی کراچی کے تحت مختلف دینی و سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں ،معززین شہر اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ اہم افراد کے اعزاز میں افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔افطار ڈنر میں مختلف جماعتوں کے رہنما علمائے کرام ، سینیئر صحافیوں ، وکلاء کرام ، تاجروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔   سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کرپشن نے ملک کو تباہ کردیا ہے ۔کرپشن مردہ باد کے نعرے تو سب نے لگائے ہیں لیکن کرپشن کے داغ سے کوئی دامن صاف نہیں ۔ہم نے قومی اسمبلی میں کرپشن فری پاکستان کے لیے تین بل جمع کروادیے ہیں اور مختلف تجاویز پیش کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کیسا احتساب ہے کہ اگر کسی نے 10ارب روپے قرض لے کر کھالیے تو وہ دس کروڑ لے کر چھوٹ جائے۔ ہم نے نیب کے سربراہ کے تقرر کے لیے یہ تجویز دی ہے کہ اسے سیاست سے آزاد کیا جائے اور سپریم کورٹ کے سینیئر ججوں کے مشورے سے نیب کے سربراہ کا تقرر کیا جائے ، ہم نے تجویز دی ہے کہ جس پر کرپشن ثابت ہوجائے اس کو 25سال کی سزا دی جائے اور جیل میں ڈال دیا جائے اس کو کسی بھی سرکاری عہدے کے لیے نااہل قرار دیا جائے ۔ ۔سراج الحق  نے کہا کہ کراچی کے عوام نے جن لوگوں کو قومی اسمبلی میں بھیجا ہے انہوں نے آج تک کراچی کے بارے میں کوئی بات نہیں کی، بس اپنی پارٹی کی اور رہنماؤں کی رہائی کی با ت کی ہے ۔ ہم سب سے اپیل کرتے ہیں کہ کراچی کی تعمیر و ترقی کے پروگرام میں جماعت اسلامی نے جو آواز اٹھائی ہے اور جس پیکج کا مطالبہ کیا ہے اسے منظور کرانے کے لیے ہمارا اور کراچی کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں جگہ جگہ گندگیوں کے ڈھیر جمع ہیں ،یہ کام کرنے کے لیے کوئی بہت بڑا پروگرام بنانے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا افغان بارڈر پر کشید ہ صورت حال افسوسناک اور تشویشناک ہے۔
تازہ ترین