• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور جاپان کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، سید فیروز شاہ

فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کے بورڈ آف انویسٹمنٹ کے ٹیکنیکل ایڈوائزر سید فیروز شاہ نے کہا ہے کہ جاپان اور پاکستان کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے دونوں ممالک کے کاروباری افراد کو فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔

سید فیروز شاہ نے روزنامہ جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپریل کے پہلے ہفتے میں جاپان میں شروع ہونے والی آئی ٹی کی نمائش میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے سرمایہ کار اور ماہرین شرکت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق بھی اس کانفرنس میں شرکت کے لیے جاپان پہنچیں گے۔

سید فیروز شاہ نے کہا کہ جاپان کی حکومت نے پاکستانی عوام کے لیے انسانی دوستی کی بنیاد پر جو تعاون فراہم کیا ہے اس کے لیے پاکستان کے عوام جاپانی حکومت کے شکرگزار ہیں۔

پاکستان کے بورڈ آف انویسٹمنٹ کے ٹیکنیکل ایڈوائزر نے کہا کہ جاپانی سرمایہ کاروں نے پاکستان میں نہ صرف مختلف شعبوں میں بھرپور سرمایہ کاری کی ہے بلکہ حکومت جاپان نے صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں پاکستان کو بھرپور امداد بھی فراہم کی ہے جبکہ پاکستان اور جاپان کے عوام کے درمیان بھی گہرے مراسم قائم ہیں۔

سید فیروز شاہ نے بلوچستان میں حال ہی میں ہونے والے جاپانی کلینڈر کی نمائش کے افتتاح کے حوالےسے کہا کہ بلوچستان میں جاپان کے اعزازی قونصل جنرل سید ندیم شاہ مشکل حالات میں بہترین خدمات انجام دے رہے ہیں اور بلوچستان کے عوام کو جاپان کے ساتھ جوڑنے کے لیے قابل قدر خدمات انجام دے رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ جاپانی حکومت کی جانب سے انہیں بھی جاپان کا سب سے اہم سول ایوارڈ عطا کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سید فیروز شاہ کو ان کی پاکستان اور جاپان کے درمیان تجارتی تعلقات کے فروغ کے لیے کی جانیوالی کوششوں کے سبب حکومت جاپان کی جانب سے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ سے بھی نوازا گیا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید