• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہد آفریدی نے عمران خان کے بارے میں بیان کی حقیقت بتا دی

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے سابق وزیرِ اعظم و چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان سے متعلق اپنے نام سے منسوب سوشل میڈیا پر وائرل بیان پر وضاحت دیتے ہوئے اس کی تردید کر دی۔

شاہد آفریدی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اس حوالے سے ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔

شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ میں دیکھ رہا ہوں کہ کل سے سوشل میڈیا پر میرے نام سے عمران خان کے لیے ایک بیان چل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بہت ہی افسوس کی خبر ہے، جو بھی یہ کر رہا ہے وہ بہت ہی گندی سیاست کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

’الحمد لِلّٰہ جو کہنا ہوتا ہے اسے کہنے کی ہمت ہے‘

سابق کپتان نے کہا کہ میں اس سیاست میں پڑنا چاہتا ہوں، نہ اس کا حصہ ہوں، الحمد لِلّٰہ مجھ میں اتنی ہمت ہے کہ جو مجھے کہنا ہوتا ہے میں خود سے کہہ سکتا ہوں۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ مجھے کہیں بھی دکھا دیا جائے کہ میں نے عمران خان کے حوالے سے کوئی بات کی ہو۔

انہوں نے کہا کہ براہِ مہربانی مجھے اس گندی سیاست کا حصہ نہ بنائیں، آپ لوگوں کو آپ کی سیاست مبارک ہو۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ میرا یقین صرف ایک قسم کی سیاست پر ہے جو عوام اور پاکستان کی خدمت کرنا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سے شاہد آفریدی کے نام سے منسوب ایک بیان وائرل ہو رہا ہے جس کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ عمران خان کو گرفتاری دے دینی چاہیے تاکہ ملک کے مسائل میں کمی آ سکے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید