ازبکستان میں جاری ورلڈ انڈر 19 والی بال چیمپئن شپ میں پاکستان نے میزبان ازبکستان کو 3-0 سے شکست دے کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی، پاکستان ٹیم کے اسپائیکر اور کپتان محمد یحییٰ نے دوسرے میچ میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
ورلڈ انڈر 19 والی بال چیمپئن شپ میں جمعے کو پاکستان نے اپنے دوسرے گروپ میچ میں میزبان ازبکستان کو آؤٹ کلاس کیا۔
میچ کے دوران پاکستان کو ناصرف حریف ٹیم کے کھلاڑیوں کا سامنا رہا بلکہ میزبان ٹیم کے ہوم کراؤڈ کا بھرپور شور بھی سننے کو ملا لیکن پاکستانی پلیئرز نے اعصاب پر بھرپور قابو رکھا اور میچ اپنے نام کیا۔
پاکستان کی جیت کا اسکور 23-25، 18-25 اور 21-25 رہا۔
پاکستان کے یحییٰ، مہتد علی شاہ، سعود اور اجمل جنید نے عمدہ پرفارمنس کا مظاہرہ کیا، ٹیم کے کپتان یحییٰ نے 21 اٹیک پوائنٹس سمیت 24 پوائنٹس بنائے، سعود نے 10، مہتد اور اجمل جنید نے 9، 9 پوائنٹس اسکور کیے۔
پاکستان نے ازبکستان کے اٹیک اور بلاکس میں برتری رکھی۔
ازبکستان کے 28 اٹیک پوائنٹس کے مقابلے میں پاکستان نے 45 اٹیک پوائنٹس حاصل کیے۔
پاکستان نے 12 بلاک پوائنٹس لیے جبکہ اس کے برعکس ازبک کھلاڑی 5 بلاک پوائنٹس لے سکے۔
ایونٹ میں پاکستان اپنا اگلا میچ کل ترکیہ کے خلاف کھیلے گا۔