پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثناء نے کہا ہے کہ کوشش ہوگی ورلڈکپ میں ایسے نتائج دیں جس سے سب خوش ہو جائیں۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دورۂ آئرلینڈ کےلیے اچھی تیاری جاری ہے، کپتانی کو انجوائے کر رہی ہوں اور سیکھنے کے عمل سے گزر رہی ہوں۔
فاطمہ ثناء کا کہنا تھا کہ آئی سی سی ایوارڈ کا نہ علم تھا اور نہ ہی کبھی سوچا تھا، جب آئی سی سی ایوارڈ کا اعلان ہوا اور تقریب میں ایوارڈ دیا گیا تو اس کی اہمیت کا اندازہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ انفرادی نہیں ٹیم گیم ہے، سب کھلاڑی ایک دوسرے کو بیک کرتی ہیں۔
واضح رہے کہ ورلڈکپ سے قبل قومی ٹیم کا امتحان آئرلینڈ کے خلاف 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز ہے، قومی ویمن ٹیم 3 اگست کو آئرلینڈ روانہ ہوگی۔