• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں آج ہلکی، 23 مارچ کو شدید بارش کا امکان

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن نے پیش گوئی کی ہے کہ کراچی کے مضافات میں آج بھی گرج چمک کے بادل بن سکتے ہیں، جس کے باعث آج بھی بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی میں مغربی ہواؤں کے سسٹم کے تحت گرمی اور حبس سے بادل بن سکتے ہیں۔

جواد میمن نے بتایا کہ شہر کے مشرق، مغرب اور جنوب میں آج گرج چمک کے یہ بادل بننے کا امکان ہے۔

موسمیاتی تجزیہ کار کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کے اس سسٹم کے تحت ٹھٹھہ اور بدین میں بھی آج بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کا ایک اور سسٹم کل (22 مارچ کو) بلوچستان میں داخل ہو گا، مغربی ہواؤں کا یہ سسٹم مضبوط اور اس کا پھیلاؤ زائد ہو گا۔

جواد میمن کا کہنا ہے کہ اس سسٹم کو بحیرۂ عرب سے نمی کی صورت میں سپورٹ ملے گی، جس کے تحت کراچی کے اکثر علاقوں میں بارش اور ژالہ باری ہو سکتی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا ہے کہ 22 مارچ کو آنے والے سسٹم کے تحت گرد آلود ہواؤں اور گرج چمک کا بھی امکان ہے، سسٹم 24 مارچ تک اثر انداز رہے گا۔

موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن نے یہ بھی بتایا ہے کہ مذکورہ سسٹم کے تحت 23 اور 24 مارچ کو کراچی میں بارش کا زیادہ امکان ہے۔

قومی خبریں سے مزید