پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وکیل بیرسٹر گوہر خان نے عمران خان کے دستخط والی فائل سے متعلق وضاحت دے دی۔
جیو نیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں گفتگو کے دوران بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ میرے پاس جو فائل تھی وہ میری اپنی بنائی ہوئی فائل تھی۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی طرف سے ہم 5 لوگ اس فائل کے ساتھ گئے، ہم عمران خان کے دستخط لے کر عدالت کی طرف گئے۔
پی ٹی آئی کے وکیل نے مزید کہا کہ وہاں شیلنگ ہورہی تھی، ہم سے دستخط والی فائل ایس پی صاحب نے لی۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلے بھی ہوتا رہا ہے کہ اسٹریچر پر لوگ آئے، عدالت نے کہا کہ حاضری لگا کر جانے دیں۔
بیرسٹر گوہر خان نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کے ساتھ نہتے لوگ آئے تھے کسی کے ہاتھ میں پیٹرول بم نہیں تھا، ہم پر بھی آنسو گیس کی شیلنگ ہورہی تھی، پوچھتا ہوں وہ کون کروا رہا تھا؟
انہوں نے کہا کہ عدلیہ کے کسی جج نے کبھی پی ٹی آئی کی سہولت کاری نہیں کی، جو لوگ اس طرح کے بیانات لیک کرواتے ہیں ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہے۔