مالدیپ نے پاکستان کو دوستانہ فٹ بال میچ میں ایک صفر سے ہرادیا، فاتح ٹیم کا گول ابراہیم اعصام نے بیسویں منٹ میں اسکور کیا۔
مالدیپ میں لیمو گین اسٹیڈیم میں کھیلے گئے انٹرنیشنل فرینڈلی میچ میں مالدیپ کے کھلاڑیوں نے ابتدا سے ہی عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور بیسویں منٹ میں اُن کی کوششیں رنگ لائیں۔
ابراہیم اعصام نے ایک ہیڈر کے ذریعے گیند پاکستان ٹیم کے جال میں پہنچادی، جس کے بعد پاکستان ٹیم نے بھی حریف گول پر کئی حملے کیے مگر کامیابی نہیں مل سکی۔
اس طرح مالدیپ نے یہ مقابلہ ایک صفر سے جیت لیا، پاکستان کا گزشتہ ساڑھے تین سال میں یہ دوسرا انٹرنیشنل میچ تھا۔
گزشتہ سال نیپال نے بھی انٹرنیشنل فرینڈلی میچ میں پاکستان کو ایک صفر سے شکست دی تھی۔