• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپی یونین ڈونرز کانفرنس، ترکیہ اور شام کیلئے 7 ارب یورو کی امداد کا اعلان

یورپی کمیشن کی صدر کانفرنس سے خطاب کر رہی ہیں۔
یورپی کمیشن کی صدر کانفرنس سے خطاب کر رہی ہیں۔

یورپی یونین کے زیر اہتمام ترکیہ اور شام کیلئے ڈونرز کانفرنس میں 7 ارب یورو کی امداد کا عہد کیا گیا ہے۔

یورپی کمیشن نے ترکیہ میں زلزلے سے ہونے والی تباہ کاری کے بعد بحالی اور تعمیر نو کیلئے ایک ارب یورو کی معاونت کا اعلان کیا ہے۔

یورپی یونین کمیشن کی صدر ارسلا وون ڈیر لیئین نے شام کیلئے 10 کروڑ 80 لاکھ یورو کا بھی اعلان کیا۔

یہ اعلانات برسلز میں جاری ڈونرز کانفرنس میں کیے گئے جہاں یورپی ممالک کے نمائندگان زلزلے سے متاثرہ ترکیہ اور شام کی مدد کیلئے اکٹھے ہوئے تھے۔

انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی نے کہا کہ اقوام متحدہ کی طرف سے ترکیہ اور شام کیلئے بالترتیب ایک ارب ڈالر اور 39 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی رقم کا مطالبہ کیا گیا ہے جسے پورا کرنا چاہیے۔

اس ایک روزہ ڈونرز کانفرنس میں این جی اوز، جی 20 اور یو این رکن ممالک سمیت عالمی مالیاتی اداروں کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔

کانفرنس کے اختتام تک دونوں ملکوں کیلئے 7 ارب یورو کی رقم کا عہد کیا گیا۔

یورپی کمیشن کی صدر نے کہا کہ اس میں سے 95 کروڑ یورو شام کیلئے ہیں۔

ترک صدر طیب اردگان نے ویڈیو لنک کے ذریعے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 11 صوبوں میں 2 لاکھ 98 ہزار عمارتیں زلزلے سے متاثر ہوئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ زلزلے کے آفٹرشاکس کا سلسلہ جاری ہے، یہ آفٹرشاکس بھی زلزلے جتنی ہی شدت رکھتے ہیں۔

ترک صدر نے بتایا کہ اب سیلاب سے ہونے والی تباہی اور موسمی صورتحال سے بھی نبردآزما ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کوئی ملک معاشی طور پر کتنا ہی مضبوط کیوں نا ہو، اس قسم کی تباہی سے اکیلے نہیں نمٹ سکتا، تعمیر نو کیلئے 104 ارب یورو کی ضرورت ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید