• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گرانفروشی، کم وزن روٹی اورصفائی کی ناقص صورتحال پربیشتر دکاندار گرفتار

پشاور(وقائع نگار)صوبائی دارلحکومت پشاور میں ضلعی انتظامیہ نے تین روز کے دوران مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے گرانفروشی، سرکاری نرخ نامے کی عدم موجودگی،کم وزن روٹی اورصفائی ناقص صورتحال پربیشتر دکانداروں کو گرفتار کر لیا۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر پشاور شاہ فہد کی ہدایت پر انتظامی افسران نے یونیورسٹی روڈ، تہکال، دلہ زاک روڈ، چارسدہ روڈ، کوہاٹ روڈ،اندرون شہر بازاروں اور رنگ روڈ سمیت دیگر علاقوں میں بازاروں کا معائنہ کیا۔کارروائیوں کے دوران84 دکانوں کا معائنہ کیا گیااورگرانفروشی، سرکاری نرخ نامے کی عدم موجودگی، کم وزن روٹی اورصفائی ناقص صورتحال پر31 دکانداروں کو گرفتار کر لیاجبکہ 13 دکانداروں کو مزید بہتری کے حوالے سے وارننگ دی گئی۔ان گرفتار دکانداروں میں سبزی و پھل فروش، نانبائی، شیر فروش، جنرل سٹور مالکان اور دیگر شامل ہیں۔ ان گرفتار دکانداروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر پشاور کے مطابق صوبائی دارلحکومت میں انتظامی افسران روزانہ کی بنیاد پر سبزی و پھل منڈیوں میں سرکاری نرخ نامہ جاری کرتے ہیں اور بعد میں پشاور بھر میں سرکاری نرخ ناموں پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جاتا ہے۔ڈپٹی کمشنر پشاور شاہ فہد نے انتظامی افسران کو پشاور بھر میں بازاروں کا مسلسل معائنہ کرنے کا حکم دیا ہے اور گرانفروشی پر قانونی کارروائی کی ہدایت کی ہے۔
پشاور سے مزید