ملک بھر میں مفت سرکاری آٹے کے حصول کے لیے شہری اپنی زندگیوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔
سستا اور سرکاری مفت آٹا آج پھر ایک جان لے گیا، چارسدہ میں مفت آٹے کی تقسیم کے دوران دھکم پیل اور بھگدڑ سے 40 سالہ شخص جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق بھگدڑ اور دھکم پیل سے متعدد افراد زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ بازار میں آٹے کی تقسیم کے دوران ضلعی انتظامیہ کا کوئی اہلکار موجود نہیں تھا جس کی وجہ سے بدنظمی ہوئی۔
رواں ماہ ملک کے مختلف شہروں میں اس طرح کے کئی واقعات سامنے آ چکے ہیں۔
منگل کو فیصل آباد میں آٹے کی تقسیم کے دوران بدنظمی سے بزرگ شہری جاں بحق ہوگیا تھا۔
پشاور میں مفت آٹے کی تقسیم کے دوران بدنظمی عروج پر رہی، شہریوں نے فلار ملز کے دروازے توڑ دیے جبکہ ایک خاتون کا بازو ٹوٹ گیا۔
اسی روز مفت آٹے کے حصول کے لیے حافظ آباد میں رش اور دھکم پیل سے متعدد مرد اور خواتین زخمی ہو ئے۔
یاد رہے کہ گزشتہ اتوار کو لاہور کے علاقے موہلن والا کے قریب عوام نے مفت آٹے کا ٹرک لوٹ لیا تھا۔